مذہبی، علاقائی ، لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوششیں جاری حقوق کی بحالی کیلئے کھڑے نہیں ہوئے تو آنے والے نسلیں معاف نہیں کریں گی:ڈاکٹر فاروق

عاصف بٹ

مڑواہ (کشتواڑ)// تاریخ کے اس اہم موڑ پر بھی اگر ہم نے اتحاد و اتفاق سے گریز کیا اور اپنے حقوق کی بحالی کیلئے کھڑے نہیں ہوئے تو آنے والی نسلیں ہمیں کسی بھی صورت میں معاف نہیں کریں گی، وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوان نسل کے بہتر مستقبل اور آنے والی نسلوں کیلئے ایک پُرامن، پرسکون اور تعمیرو ترقی پر مبنی ماحول پیچھے چھوڑنے کیلئے ہم اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور اپنے حقوق کے حصول کیلئے یک زبان ہوجائیں۔ ان باتوں کا اظہار صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خطہ چناب کے 4روزہ دورے کے دوران مڑواہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق، رکن پارلیمان حسنین مسعودی ، چناب ویلی زون صدر سجاد کچلو اور سینئر لیڈر قاضی جلال الدین نے بھی خطاب کیا جبکہ مقامی لیڈران اور عہدیداران بھی اس موقعے پر موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموںوکشمیرکے عوام کو اس وقت مذہبی، علاقائی خصوصاً لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔

 

یہاں کے عوام کو آپس میں لڑوانے کیلئے جو منصوبے اپنائے جارہے ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیںاور ہر ایک ذی حس اور ذی الشعور انسان کیلئے باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کا ماحول برپا کیا گیا اُس سے یہاں کے صدیوں کے آپسی اتحاد، بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ریاست کے عوام کو بلا لحاظ مذہب و ملت اور رنگ و نسل ایک ہوکر فرقہ پرست اور سازشی عناصر کے مذموم ارادوں کو خاک ملانے کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس عوامی مفادات، احساسات اور لوگوں کے نیک ارادوں و خواہشات کا احترام اور ریاستی عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق کی بحالی کیلئے برسر جہد ہیں اورعوام کے اشتراک سے مستقبل میں بھی اپنے بے لوث عوامی خدمات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جموںو کشمیرکو بدترین اقتصادی بدحالی کا سامنا ہے، کیونکہ گذشتہ برسوں کے دوران یہاں کی معیشت کو ختم کرنے کیلئے کوئی بھی کثر باقی نہیں چھوڑی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے دشمنوں نے زرکثیر صرف کرکے یہاں نت نئی سیاسی جماعتیں معرض وجود میں لائیں اور یہ سیاسی جماعتوں درپردہ طور پر یہاں تقسیمی ایجنڈا چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام ان عناصر سے بخوبی واقف ہیں اور ان کے عزائم کو خاک ملانے کیلئے عوام کو اپنا تعاون پیش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ صرف اور صرف اتحاد و اتفاق کے ذریعے کیا جاسکتا ہے اور مقصد کی خاطر تینوں خطوں کے عوام کو صف آراء ہونے کی ضرورت ہے۔