مختار عباس نقوی وزارت سے مستعفی جی اے میر بھی صدارت سے استعفیٰ دیا

یو این آئی

نئی دہلی// اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے بدھ کو استعفیٰ دے دیا ۔بھارتیہ جنتا پارٹی ذرائع نے بتایا کہ نقوی نے وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دینے سے پہلے پارٹی صدر جے پرکاش نڈا سے ملاقات کی۔ انہوں نے آخری بار کابینہ کے اجلاس میں بطور وزیر شرکت کی۔ قابل ذکر ہے کہ نقوی راجیہ سبھا کے رکن ہیں اور جھارکھنڈ کی نمائندگی کرتے ہیں۔

 

ان کی میعاد ختم ہونے والی ہے اور اس بار بی جے پی نے انہیں راجیہ سبھا انتخابات میں نہیں اتارا ہے۔ وہ اس سے پہلے اتر پردیش میں رامپور لوک سبھا سیٹ کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن پارٹی نے انہیں وہاں ہونے والے ضمنی انتخابات میں نہیں اتارا تھا۔سیاسی حلقوں میں یہ چرچا ہے کہ نقوی کو حکمراں این ڈی اے اتحاد کی طرف سے نائب صدر کا امیدوار بنایا جا سکتا ہے۔نائب صدر کا انتخاب 6 اگست کو ہوگا۔ نائب صدر وینکیا نائیڈو کی میعاد 10 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔الیکشن کمیشن نے نائب صدر کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا۔ اس کے لیے امیدوار 19 جولائی تک فارم بھر سکتے ہیں۔

 

ادھرجموں و کشمیر پردیش کانگریس صدر جی اے میر نے بدھ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔منگل کو نئی دہلی میں کانریس کور گروپ کی میٹنگ منعقد ہوئی تھی جس میں میر نے بھی شرکت کی تھی۔ اسی میٹنگ میں ان سے کہا گیا کہ وہ مستعفی ہاجائیں تاکہ نئے صدر کیلئے راستہ صاف ہوسکے۔میر نے ایک بیان میں کہا کہ میں پارٹی کے ایک ڈسپلن سپاہی کی حیثیت سے کام کرتا آیا ہوں اور پارٹی صدر اس حوالے سے جو بھی فیصلہ کریں گی وہ انہیں قابل قبول ہوگا ۔