محکمہ سیاحت اورہوٹل مالکان ایک خاندان:ناظم سیاحت ہوٹلیئرس کلب کے سالانہ اجلاس میں عہدیداروںکاانتخاب

سرینگر//محکمہ سیاحت اورہوٹل مالکان ایک خاندان ہے اور ہوٹل مالکان کو درپیش مشکلات کو اعلیٰ حکام کے ساتھ اُٹھایاجائے گا۔اس بات کااظہار ناظم سیاحت کشمیرفضل الحسیب نے جموں کشمیرہوٹلیئرس کلب کے سالانہ اجلاس میں عہدیداروںکے انتخاب کے موقعہ پر کیا۔ایک بیان کے مطابق جموںکشمیر ہوٹلیئرس کلب کا سالانہ جنرل اجلاس سرینگر میں منعقد ہوا جس میں کلب سے وابستہ تمام ممبران اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ جبکہ گلمرگ، سونہ مرگ، پہلگام کے علاوہ جموں اور لداخ سے وابستہ عہدیداروں اور ارکان نے اس اجلاس میں شرکت کی۔ اس سالانہ اجلاس میں کلب کیلئے عہدیداروں کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا۔ عاقب چایہ کو گلمرگ چیپڑر کا صدر منتخب کیا گیا جبکہ خاور گیلانی نائب صدر اور ثاقب بیگ جنری سیکریٹری منتخب کئے گئے۔ اس دوران فاروق حافظ دوبارہ سونہ مرگ چپٹر کے صدر کے عہدے کیلئے دوبارہ منتخب کئے گئے۔ اسی طرح مجید صوفی نائب صدر، امتیاز وانی سیکریٹری ، جنید شاہدار کو خزانچی سرینگر اور نذیر میر کو کارڈنیٹر سرینگر منتخب کیا گیا۔ اس اہم اجلاس میں ڈائریکٹر ٹورازم فضل الحسیب اور ڈپٹی ڈائریکٹر ذیشان بطور مہمان خصوصی موجود رہے۔اس موقعے پر کلب کے چیرمین مشتاق احمد چایہ نے ڈائریکٹر ٹورازم کے سامنے سیاحت کے شعبے کو درپیش مختلف مسائل پر روشنی ڈالی اور سرینگر، گلمرگ، سونمرگ اور پہلگام کے ہوٹل مالکان کو درپیش مسائل کی طرف ان کی توجہ مبذول کرائی جن میں ہوٹل کی رجسٹریشن کی تجدید، کاروبار کرنے میں آسانی اور قومی سطح پر سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر ٹورازم نے کلب کی جانب سے اْبھارے گئے مسائل کو بغور سنا اور انہیں یقین دلایا کہ سیاحت کی صنعت کے تمام مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر ٹورازم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ محکمہ سیاحت اور ہوٹل مالکان ایک خاندان ہیںاور کہا کہ میں تمام ہوٹل والوں کو محکمہ سیاحت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں اور ہوٹل والوں کو درپیش تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے اعلیٰ حکام کے ساتھ ان مسائل کو اٹھایا جائے گا۔اس موقعے پر سونہ مرگ چپٹر کے صدر فاروق حافظ نے سونہ مرگ میں سرمائی سیاحت کے لیے سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ سینئر وائس چیئرمین ریاض شہداد نے ڈائریکٹر ٹورازم سے درخواست کی کہ سیاحتی مقامات پرہٹوں، ہوٹلوں،رستورانوں اور گیسٹ ہاوسوں کی مرمت کی اجازت دی جائے۔ کیوںکہ سیاحتی مقامات پر کسی بھی تعمیراتی سرگرمی پر پابندی عائد ہونے سے کوئی بھی عمارت کی تجدید و مرمت کرنہیں سکتا۔ اس دوران گلمرگ کے نو منتخب صدر عاقب چایہ نے گلمرگ لینڈ لیز کی تجدید کا مسئلہ اٹھایا۔ اس موقعے پر سیکرٹری جنرل طارق غنی نے کہا کہ ہم نے ماحولیات کی ایک کمیٹی بنائی ہے جس کے سربراہ منظور احمد وانگنوہوں گے جو سیاحتی مقامات پر آلودگی سے پاک ماحول کی کیلئے اقدامات اْٹھائیں گے اور سیاحتی مقامات پر صفائی ستھرائی اور دیگر معاملات پر نظر گزر رکھی جائے گی۔