محکمہ جنگلات کی ہٹ دھرمی نے معذور کو دفتروں میں دربدر کیا | ملکیتی اراضی جنگلا ت میں شامل کرنے کی کوشش فیلڈ ملازمین کی غلطی کے بعدمحکمہ’ دھار گلون میں جنگلاتی لائن‘ ہٹانے پر مجبور

جاوید اقبال
مینڈھر //سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن میں محکمہ جنگلات کی جانب سے ایک غریب اور معذور شخص کی ملکیتی اراضی پر مبینہ طورپر ہٹ دھرمی سے قبضہ کئے جانے کے بعد معذور نے لگ بھگ 3ماہ تک سرکاری دفاتروں کے چکر کاٹے اور اب متعلقہ محکمہ کی جانب سے جنگلات کی قائم شدہ لائن کو ہٹانے کا عمل شروع کیاگیا ہے ۔محمد جاوید نامی شخص جو نے اپنے دنوں ہاتھوں سے معذور ہے ،نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کے فیلڈ ملازمیں بالخصوص بلاک فارسٹ آفیسر اوربیٹ گارڈ نے 5جنوری کو ہٹ دھرمی سے اُس کی ملکیتی اراضی پرجنگلات کی لائن قائم کر دی جس کو لے کر وہ مذکورہ ملازمین سے لے کر محکمہ کے اعلیٰ آفیسران تک گیا لیکن اُس کو کوئی انصاف فراہم نہیں کیاگیا ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ معذور شخص کوئی محنت مزدوری بھی نہیں کرسکتا اور سماج میں سے ملنے والی ا مداد کی بنیاد پر وہ اپنے اہل خانہ کی کفالت کرنے پر مجبور ہے لیکن اس کے بعد باوجود محکمہ کے ملازمین نے مبینہ طورپر جان بوجھ کر اُس کو کئی ماہ تک دفاتروں میں دربدرکیا۔محمد جاوید نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ملازمین نے مبینہ طورپر ان افراد کی مدد کی جو ان کے رشتہ داروں میں سے تھے یا جنہوں نے ان کو کمیشن دی ہوئی تھی جبکہ غریب ہونے کی وجہ سے وہ ملازمین کو کچھ نہ دے سکا جس کی وجہ سے اُس کی ملکیتی اراضی کو بھی نہیں بخشا گیا ۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ قاعدہ کے مطابق جنگلات اور ملکیت زمینوں کو الگ کرنے کے دوران محکمہ مال اور محکمہ جنگلات کے ملازمین موقعہ پر موجود ہوتے ہیں اور ان کی موجودگی میں نشاندہی کے ذریعہ جنگلات کی لائن قائم کی جاتی ہے لیکن دھار گلون میں ایسا کچھ نہیں ہوا اور محکمہ کے فیلڈ ملازمین نے ہی موقعہ پر اپنے اندازے کے مطابق اور ہٹ دھرمی سے لائن قائم کر دی ۔معذور شخص نے تنگ آکر ایس ڈی ایم مینڈھر سے رجوع کیا جنہوں نے ایک کمیشن مقررکیاجس نے دوبارہ سے مذکورہ اراضی کی نشاندہی کی اور محکمہ جنگلات کی جانب سے لگائی گئی فارسٹ لائن غلط ثابت ہوئی جس کے بعد اب ملازمین دوبارہ سے لیبر لگا کر ’بائو نڈری ستون ‘اٹھا کر دوسری جگہ منتقل کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مقامی سطح پر تعینات ملازمین غریبوں کو ہراساں کرتے ہیں جس کی مثال مذکورہ معذور شخص ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اپنی لالچ کیلئے سرکار ی خزانے کا پیسہ لگا کر غریبو ں کا حق چھیننے والے ملازمین کی جلدازجلد نشاندہی کر کے ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ اس پورے معاملہ کی تحقیقات کروائی جائے ۔دوسری جانب محکمہ کے رینج آفیسر مینڈھر نے بتایا کہ محکمہ کے بلا ک فارسٹ آفیسر محمد اسلم اور بیٹ گارڈ محمد مشتاق کی موجود گی میں مذکورہ لائن پہلی نشاندہی پر قائم ہوئی تھی لیکن اب محکمہ مال کی جانب سے کی گئی نشاندہی کے بعد انہوں نے( بائونڈی ستون کو )لائن ہٹائی ہے ۔