محکمہ جل شکتی کے ڈیلی ویجر وں کی کام چھوڑ ہڑتال حکومت کی عدم توجہی و متعلقہ حکام کی بے رخی پر ناراضگی کا اظہار

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //اپنی مانگوں کو لے کر محکمہ جل شکتی میں کام کر رہے ڈیلی ویجر ورکروں و عارضی ملازمین نے ڈوڈہ ضلع میں کام چھوڑ ہڑتال جاری رکھتے ہوئے حکومت کی عدم توجہی و متعلقہ حکام کی بے رخی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ میں پی ایچ ای ایمپلائز یونائٹڈ فرنٹ کے بینر تلے احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ پچھلے تین دہائیوں سے وہ دن رات اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن سرکار کی طرف سے انہیں سبز باغ دکھا کر جھوٹی تسلی دی جاتی ہے۔ احتجاج کررہے ڈیلی ویجر ورکرز نے حکومت مخالف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں ان کا جینا مشکل بن گیا ہے اور اہل و عیال بھی فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو ٹی سطح پر یونین نے فی الحال 72 گھنٹوں کے لئے کام چھوڑ ہڑتال کا اعلان کیا ہے لیکن انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر ان کے مطالبات پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے محکمہ جل شکتی میں کام کر رہے ڈیلی ویجر ورکرز کو باقاعدہ طور پر مستقل بنانے و ماہانہ مشاہرہ میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مظاہرین نے انتباہ کیا کہ اگر سرکار نے ان کے جائز مطالبات کو تسلیم نہیں کیا تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج و کام چھوڑ ہڑتال کریں گے۔