محکمہ جل شکتی کی خاتون اے ای ای نوکری سے بر طرف

بلال فرقانی

سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی والی انتظامیہ نے محکمہ جل شکتی میں ایک انچارج اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر کو2016 سے غیر مجاز غیر حاضری پر سرکاری ملازمت سے برطرف کر دیا ۔سرکاری آرڈر کے مطابق، نزہت شانو(اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر) دختر ایم ایس سلمانی ہائوسنگ کالونی صنعت نگر راولپورہ سر نگر، کو 27 اکتوبر2016 سے ڈیوٹی سے غیر حاضر پر ریاست کی خدمات سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ وہ 2007 میں اسسٹنٹ انجینئر(سیول)کے طور پر تعینات ہوئیں اور انہوں نے یکم جنوری2011 سے 24 ماہ کے لیے پڑھائی کیلئے چھٹی حاصل کی جس کے بعد ان کی چھٹی میں ایک سال کی توسیع کی گئی۔

 

تاہم، ڈیوٹی پر واپس آنے کے بجائے، انجینئرنزہت شانونے 180 دن کی زچگی کی چھٹی حاصل کی، جس کی منظوری بھی دی گئی۔آرڈر کے مطابق اس کے بعد 23 جنوری2015 سے 29 جون2016 تک 22 دن کی کموٹیڈ چھٹی اور 524 دن کی اضافی عام چھٹی(بغیر تنخواہ کے) بھی ان کے حق میں منظور کی گئی۔حکم نامہ میں کہا گیا کہ چیف انجینئر کشمیر کی طرف سے اپنی ڈیوٹی دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کے باوجود، خاتون انجینئرنزہت شانو نے یکم اپریل2016 سے2 سال کے لیے چائلڈ کیئر لیو کے لیے درخواست دی، جو اس کے حق میں منظور نہیں ہوئی۔آرڈر میں کہا گیا کہ چونکہ اس نے اپنی ڈیوٹی دوبارہ شروع کرنے کے بار بار نوٹس کا جواب نہیں دیا، مجاز اتھارٹی نیجموں کشمیر کے سول سروس رول کے آرٹیکل113 کے تحت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا اور اسے سرکاری خدمات(ملازمت)سے برطرف کردیا۔