محبوبہ مفتی سمیت 8سابق اراکین اسمبلی | اننت ناگ میں سرکاری کوارٹر خالی کرنے کی ہدایت

عارف بلوچ
اننت ناگ//حکام نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور 7 سابق اراکین اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ اننت ناگ کی ہاؤسنگ کالونی کھنہ بل میں سرکاری کوارٹر خالی کر دیں۔ محبوبہ مفتی اور تین دیگر سابق قانون سازوں کو ہفتہ کو ڈپٹی کمشنر اننت ناگ کی ہدایت پر ایگزیکٹو مجسٹریٹ (فرسٹ کلاس) اننت ناگ نے بے دخلی کا نوٹس جاری کیا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری کوارٹر نمبر 1، 4، 6 اور 7 کے مکینوں، جن کا تعلق بالترتیب سابق ایم ایل اے محمد الطاف وانی، سابق ایم ایل اے عبدالرحیم راتھر، سابق ایم ایل اے عبدالمجید بھٹ اور سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے ہے، کو،24 گھنٹے کے اندر سرکاری رہائش گاہیں خالی کرنے کو کہا گیا ہے۔جن دیگر لوگوں کو سرکاری کوارٹر خالی کرنیکی ہدایت دی گئی ہے ان میں سابق ایم ایل اے الطاف شاہ عرف کلو، سابق ایم ایل سی بشیر شاہ عرف ویری، سابق ایم ایل سی چودھری نظام الدین، سابق ایم ایل اے عبدالکبیر پٹھان اور ایم سی کونسلر شیخ محی الدین شامل ہیں۔سرکاری کوارٹر ہاؤسنگ کالونی کھنہ بل میں واقع ہیں اور مکینوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر وہ مقررہ مدت میں جگہ خالی نہ کرائیں تو قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔