مثبت زندگی مگر کیسے ؟ فکر و فہم

سید مصطفی احمد 

انسانی زندگی خوشیوں اور غموں کا مجموعہ ہے۔ کھبی خوشی کے لمحات کا ایک نہ تھمنے والا سلسلہ ہوتا ہے، تو کھبی انسان مایوسیوں کے اتھاہ گہرائیوں میں نیچے اترتا ہی جاتا ہے۔ خوشیوں کے مواقع پر انسان کو لگتا ہے کہ سب کچھ میں ہوں، مگر جب مایوسیوں کے بادل چھا جاتے ہیں تو انسان کو محسوس ہوتا ہے کہ اب یہ ہٹنے والے نہیں ہے۔ یہ ہمیشہ رہیں گے اور بڑھتے ہی جائیں گے۔

اصل میں مایوسیوں کی سب سے بڑی وجہ ہے حوس ہے۔ حوس مال و زرکی ہو یا کسی اور چیز کی، جب تک پوری نہ ہو، انسان تڑپتا رہتا ہے اور جب پوری نہ ہو، تو مایوس ہوکر بیٹھ جاتا ہے۔حالانکہ انسان کو پہلے ہی خبردار کردیا گیا ہے کہ دنیا ایک امتحان گاہ ہے، یہاں پر اچھی اور بُری چیزیں انسان کے امتحان کے لئے ہیں۔ ہاں! اس زمین پر کچھ چیزیں ایسی ہیں جو زہر ِبھی قاتل ہیں، ان سے بچنا نہایت ضروری ہے۔ انہی میں سے ایک مال کی حوس ہے۔ مال انسان کے لئے ایک آزمائش ہے، مال زندگی کو آرام دہ بناتا ہے، اس سے عزت ملتی ہے۔ مگر جب زندگی میں صرف  مال کی ہی فکر دامن گیر ہوجائے، تب زندگی میں مثبت چیزوں کا آنا بہت مشکل ہے۔ ایک انسان جب اپنی زندگی اللہ کے حوالے کرتا ہے، تو وہ اس اُمید پر جیتا ہے کہ اللہ مجھے تنہا نہیں چھوڑے گا۔ اس کے برعکس جب مال کی لت لگ جاتی ہے تو وہ یہ محسوس کرتا ہے کہ میرا جمع کیا ہوا مال کبھی ختم نہ  ہو،تو اسی فکرمیں گم ہوجاتاہےاور حق سے دور ہوجاتا ہے۔

ظاہر ہےکہ اگر انسان مثبت زندگی گزارنا چاہتا ہے، تو اس کو اللہ کے بنائے ہوئے قوانین کو ماننا پڑے گا۔ کیونکہ بنانے والے کو بناوٹ کی پہچان ہے۔ انسان اور دوسری چیزوں کو بنانے والا اللہ بخوبی جانتا ہے کہ انسان کے لئے کیا صحیح ہے اور کیا  غلط۔ اگر اس نے انسان کو دنیا کی زینت کو ایک امتحان کی نگاہوں سے دیکھنے کی تلقین کی ہے، تو اس کے پیچھے بہت سارے راز مضمر ہیں، جس میں سب سے بڑا راز یہ بھی ہے کہ اگر دنیا میں خدا کے بتائے ہوئے اصولوں کی طرح جیا جائے، توزندگی میں مثبت پہلوؤں کا سامناکرنا بہت آسان ہے۔ اس لئے انسان کے لئے لازم ہےکہ وہخود انتخاب کرلیں کہ کونسا راستہ اُس کو مثبت پہلوؤں کی طرف لے جاتا ہے اور کونسا راستہ منفی دنیا میں لے جاتا ہے ۔ انسان کے پاس عقل ہے جو اس کو مثبت اور منفی میں فرق کرواتی ہے، تو اس نعمت کو بروئے کار لاکر انسان مثبت زندگی گزار سکتا ہے۔ سارا دارومدار بس اس بات پر ہے کہ انسان اللہ کی دی ہوئی زندگی کو اُس کے اصولوں کے تحت گزارے۔

(حاجی باغ، بڈگام رابطہ نمبر۔7006031540)

[email protected]