متحدہ مجلس علماء کا خصوصی اجلاس|| شب قدر 17اپریل کو ۔ 20 اپریل کو چاند نظر آیا تو عید کے بعد قضا روزہ رکھنا پڑیگا:مفتی اعظم

 بلال فرقانی

سرینگر// جموں و کشمیر کے مفتی اعظم ناصر الاسلام نے منگل کو کہا کہ شب قدر 17 اپریل کو منائی جائے گی اور 20 اپریل کو چاند نظر آنے کی صورت میں لوگ عید کے بعد ایک دن کا قضا روزہ رکھنا پڑے گا۔انکا کہنا تھا کہ آئندہ کا فیصلہ علمائے کرام سے مکمل مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔علمائے کرام کے میراتھن اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے، مفتی اعظم نے کہا “شب قدر 17 اپریل کو ہوگی، چاند کی رویت 20 اپریل کو ہوگی اور اگر چاند نظر آگیا تو عید کے بعدلوگوں کو ایک دن کی قضا روزہ رکھنا ہوگی”۔

 

منگل کو متحدہ مجلس عمل کے اس اجلاس میں مولانا رحمت اللہ قاسمی، غلام رسول حامی،پروفیسر محمد طیب کاملی، مولانا آغا سید الحسن موسوی، غلام محمد بٹ، مولانا فیاض احمد رضوی، مسرور عباس انصاری اور دیگر شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ عید کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ علمائے کرام سے مکمل مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی اعلان سے پہلے محکمہ موسمیات سے بھی مشاورت کی جائے گی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سے قبل یکم روزے کو لے کر کنفیوژن پیدا ہواتھا کیونکہ مفتی اعظم نے کہا تھا کہ عوام جمعہ سے روزہ رکھیں جب کہ کشمیر میں لوگوں کی اکثریت نے جمعرات سے روزہ رکھنا شروع کر دیا تھا۔ مفتی اعظم نے کہا تھا کہ انہیں بدھ کی رات رمضان کا چاند نظر آنے کے بارے میں کوئی شواہد نہیں ملے۔ مفتی اعظم نے میرواعظ مولوی عمر فاروق، مولانا عبدالرشید داؤدی اور دیگر علمائے کرام کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا جو مختلف جیلوں میں نظر بند ہیں۔