ماہانہ فارم کی آمدنی کی درجہ بندی میںجموں و کشمیر سر فہرست | لفٹینٹ گورنر کی سرینگر میں ’ کسان مہا سمیلن ‘ میں شرکت

سرینگر //لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے کل ایس کے آئی سی سی سرینگر میں ’ کسان مہا سمیلن ‘ میں شرکت کی اور اختراعی ، تکنیکی طور پر بااختیار کسانوں کو زراعت اور باغبانی کے شعبے میں ان کے تعاون کیلئے مبارکباد دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کسانوں کی آمدنی بڑھانے کیلئے حکومت کی طرف سے لئے گئے مختلف اختراعی اقدامات اور پالیسی فیصلوں کا ذکر کیا اور نوجوانوں کو زراعت کو روز گار کے ذریعہ اپنانے کی ترغیب دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران حکومت نے زراعت اور اس سے منسلک شعبے کو ایک پائیدار اور منافع بخش اقتصادی سرگرمی بنانے کیلئے سائنسی خطوط اور مارکیٹ پر مبنی پالیسیوں پر بہتر کاشتکاری کے نظام کی طرف منتقل کیا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ زرعی اصلاحات کے تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ماہانہ فارم کی آمدنی میں ہماری درجہ بندی میں بہتری آئی ہے اور جے اینڈ کے یو ٹی سرفہرست 5 ریاستوں /یوٹیز میں سب سے اوپر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سبز زرعی انقلاب اور زرعی یونیورسٹیوں ، اداروں اور کرشی وگیان کیندروں کے تعاون نے کسانوں تک جدید ٹیکنالوجی کے فائدے پہنچا کر اختراعی طریقے سے کاشتکاری کے طریقے کو بدل دیا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کسانوں ، نوجوانوں اور خواتین کاروباریوں کو جموں و کشمیر انتظامیہ کی ترجیح قرار دیا اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے استفادہ کنندگان کو منظوری کے لیٹر اور نیشنل زعفران مشن کے تحت کسانوں کو مالی امداد فراہم کی ۔ انہوں نے ’’ زیرو بجٹ نیچرل فارمنگ ‘‘ کے عنوان سے ایک کتاب کا اجراء بھی کیا اور سرکاری محکموں ، اسٹارٹ اپس اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے لگائے گئے متاثر کن اسٹالز کا معائینہ کیا ۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے زراعت کے شعبے میں جموں و کشمیر کی شاندار کارکردگی کیلئے کسان برادری اور محکمہ زراعت کو مبارکباد دی ۔ وائس چانسلر سکاسٹ پروفیسر جے پی شرما نے جموں و کشمیر کے کسانوں کو ملک کا زرعی سفیر قرار دیا ۔ یڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زراعت و پیداوار مسٹر اتل ڈولو نے اس موقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے زمین کی دستیابی ، موسمی حالات ، قدرتی وسائل سے متعلق مختلف چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے ضروری قدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ کسان مہا سمیلن میں ڈویژنل کمشنر کشمیر مسٹر پی کے پولے ، محکموں کے سربراہان ، ترقی پسند کسانوں ، زرعی ماہرین اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز شہریوں نے شرکت کی ۔