لیول 6کی مختلف اَسامیوں کی بھرتی زبانی ٹیسٹ اور اِنٹرویو کو ختم کیا گیا

بلال فرقانی

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر نے بھرتی کے عمل کی کارکردگی ، شفافیت اور بروقت نتیجہ اخذ کرنے کے مقصد سے ایک اہم فیصلے میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پیش کردہ تجویز ،جس میں لیول۔6 کی مختلف اَسامیوں کو اِنٹرویو اور زبانی ٹیسٹ کے اِنعقاد کی ضرورت سے باہر رکھا جائے، کو منظوری دی۔ اَب لیول۔6 کی اَسامیوں کی بھرتی صرف تحریری اِمتحان کی بنیاد پر پُرکی جائے گی۔یہ فیصلہ اِس بات کو یقینی بنائے گا کہ اِنتخاب منصفانہ اور میرٹ پر مبنی ہوں اور یہ زائد اَز 1000 اَسامیوں کے ایڈورٹائزمنٹ کے لئے راہ ہموار کرے گاجن میں جونیئر اِنجینئر ( سول ) کی 855 اَسامیاں شامل ہیں جنہیں جموںوکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے ذریعے فاسٹ ٹریک بُنیادوں پر پُر کیا جائے گا۔مزید برآں ، لیفٹیننٹ گورنر نے اِسی نوعیت کی اَسامیوں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی ہے جنہیں زبانی ٹیسٹ / اِنٹرویو کی ضرورت سے خارج کرنے پر غور کیا جاسکتا ہے جس کے لئے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے بھی کاررِوائی شروع کی ہے۔