لیفٹیننٹ گورنر کی بھارت اسکاؤٹس کے افسران اور رضاکاروں کیساتھ بات چیت

نیوز ڈیسک

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میں جموں و کشمیر بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز کے افسران اور رضاکاروں کے ساتھ بات چیت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز بے لوث خدمت، تنوع میں اتحاد کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رضاکار سماجی مساوات کے مقصد کے لیے اور معاشرے میں خود نظم و ضبط، کامریڈ شپ جیسی اقدار کو مضبوط کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔انکا کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ سکاؤٹس اینڈ گائیڈز اپنے فرائض مستعدی اور تاثیر کے ساتھ ادا کر رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تعمیری تبدیلی لانے کے لیے اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز کے جذبے کو کمیونٹی کے دیگر شعبوں میں نقل کرنے کی ضرورت ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، مشن یوتھ کے ذریعے ہم نوجوان نسل کو سماجی ترقی کے لیے بے لوث کام کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں سکاؤٹس اینڈ گائیڈز میں شامل ہونا چاہیے اور قوم کی تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔