لیفٹیننٹ گورنر کی آل انڈیا پولیس فٹ بال چمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں شرکت میزبانی جموں و کشمیر کے لیے اعزاز کی بات، شرکاء اور جیتنے والوں کو مبارکباد

نیوز ڈیسک

سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کل 71ویں بی این ملک میموریل آل انڈیا پولیس فٹ بال چمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔تمام شرکاء اور فاتحین کو مبارکباد دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ چمپئن شپ کی میزبانی جموں و کشمیر کے لیے واقعی اعزاز کی بات ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے بی این ملک کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ٹورنامنٹ جس میں ملک بھر سے کھلاڑیوں کی شرکت دیکھنے میں آئی ہے وہ قوم کے لئے ان کی مثالی خدمات کے لئے ان کے لئے ایک مناسب خراج تحسین ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مختلف ریاستوں اور سی اے پی ایف کی ٹیموں نے تنوع میں اتحاد اور ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے جذبے کو مضبوط کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں اور پولیس اور سی اے پی ایف کے افسران کی قیادت، نظم و ضبط، جوش و خروش، بہادری اور قربانی معاشرے اور لوگوں کے لیے ایک تحریک ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہم ایک ایسا ماحول قائم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں جو خطے کے استحکام، سلامتی اور اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ہو۔لیفٹیننٹ گورنر نے گزشتہ تین سالوں سے جموں و کشمیر کے ترقیاتی سفر کو شیئر کیا۔انہوں نے جموں و کشمیر میں تیزی سے ہونے والی صنعتی ترقی پر روشنی ڈالی اور مشاہدہ کیا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ایک نیا صنعتی انقلاب شروع ہو گیا ہے۔فائنل میزورم اور آسام رائفلز کے درمیان کھیلا گیا جس میں میزورم نے 1-0 سے کامیابی حاصل کی۔اس موقعہ پر دلباغ سنگھ، ڈی جی پی، سول اور پولیس انتظامیہ کے افسران، کھلاڑی، کوچ، ریاستی پولیس اور مرکزی سیکورٹی فورسز کی ٹیموں کے منیجر موجود تھے۔