لیفٹیننٹ گورنر سے راج بھون میںکئی وفود کی ملاقات عازمین حج اور نودل تیرتھ استھان سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بدھ کوچیئر پرسن جموںوکشمیر حج کمیٹی ، پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری، ٹمپلز اینڈ شرائینز پربندھک کمیٹی ترال او رنودل تیرتھ کمیٹی کے ارکان نے ملاقات کی۔چیئر پرسن جموںوکشمیر حج کمیٹی سفینہ بیگ نے حج کمیٹی کے ارکان کے ساتھ راج بھون میں ایل جی سے ملاقات کی۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری اور صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے بھی شرکت کی۔چیئر پرسن حج کمیٹی اور اَرکان نے جموں وکشمیر کے عازمین حج کیلئے کئے گئے اِنتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔صوبائی کمشنر کشمیر نے لیفٹیننٹ گورنر کو حج کے احسن اِنعقاد کے لئے لاجسٹک اور دیگر سہولیات کی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔عازمین حج کا پہلاقافلہ 7 جون کو سر ینگر بین الاقوامی ہوائی اَڈے سے روانہ ہوگا۔

 

 

 

اس دوران پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری کے ایک وفد میں شامل سابق صدر پی ایچ ڈی سی سی آلوک بی شریرام، سیکرٹری جنرل اور سی اِی او پی ایچ ڈی سی سی آئی کرنل سوربھ سانیال ، چیئرپی ایچ ڈی سی سی آئی کشمیر اے پی وِکی شااور ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایچ ڈی سی سی آئی جے اینڈ کے اقبال فیاض جان ارکان نے ایل جی سے ملاقات کی۔وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو خطے میں صنعت وحرفت اور ایم ایس ایم اِی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا اور سرینگر میں جی 20 میٹنگ کے کامیاب اور احسن اِنعقاد کے لئے مبارکباددی۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے اَرکان سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام مسائل اور مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ٹمپلز اینڈ شرائینز پربندھک کمیٹی ترال او رنودل تیرتھ کمیٹی کے اَفراد نے ڈاکٹر رمیش بھٹ کی سربراہی میں نودل تیرتھ استھان کی بحالی اور دیکھ ریکھ سے متعلق مختلف اَمور کو پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے اَرکان کو گفتگو کے دوران پیش کئے گئے مسائل کے مناسب اَزالے کی یقین دہانی کی۔