لچھم پورہ راجواڑکے سرپنچ کے مالی اختیارات چھین لئے گئے منریگاکے تحت مزدوروں کی اُجرت کی ادائیگی میں تاخیرکاشاخسانہ

 اشرف چراغ

کپوارہ//ضلع انتظامیہ کپوارہ نے ایک مقررہ وقت کے اندر پیسہ واگزار نہ کرنے کی پاداش میںہندوارہ کے لچھم پورہ راجواڑ کے سر پنچ کے مالی اختیار تا حکم ثانی چھین لئے ہیں ۔اسسٹنٹ کمشنر ڈیو لپمنٹ ہلال احمد میر کو لوگو ں کی طرف سے ایک شکایت مو صول ہوئی کہ مذکورہ سر پنج اپنی من مانی سے وقت مقررہ پر مزدوری کے پیسہ واگزار نہیں کرتا جس کے بعد انہو ں نے بلاک ڈیو لپمنٹ ا فسر راجواڑکو تحقیقات کے لئے مقرر کیا اور انہو ں نے اپنی رپورٹ اے سی ڈی کو پیش کی ۔

 

ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ پتہ چلا کہ حلقہ پنچائت لچھم پورہ راجواڑ نے رقومات کی ادائیگی میں تا خیر کی کیونکہ قانونی طور انہیں وقت مقررہ پر رقومات کی ادائیگی کرنی تھی ۔رپورٹ میں یہ بھی لکھا گیا کہ پنچائت سیکرٹری اور جی ایس آر نے بار بار مذکورہ سر پنچ کو ان کے قانونی فرائض انجام دینے کی یاد داہانی کی لیکن اس کے باجود بھی مذکورہ سر پنچ نے رقومات کی ادائیگی میں لیت و لعل سے کام لیا اور ان نے تمام مشورے رائیگاں کئے ۔اگر چہ بلاک ڈیولپمنٹ افسر راجواڑ نے پہلے ہی سیکرٹری پنچائت اور سرپنچ کو کہا تھا کہ وہ تال میل رکھیں اور نظم و ضبط بر قرار رکھیں ۔بتایا جاتا ہے کہ جہا ں تک منریگا کے تحت اجرت کی بروقت ادائیگی کا تعلق ہے جس پر مذکورہ سر پنچ نے عدم تعمیل کا مظاہرہ کیا اور اس طرح اس سکیم کے رہنمائے خطوط اور احکامات کی خلاف ورزی کی ،تاہم اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ہلال احمد میر نے واقعہ کی نسبت کچھ رو زقبل علاقہ کا از خود دورہ کیا تاکہ وہ مکمل جانکاری حاصل کریں اور متعلقہ سرپنچ کو دو روز کے اندر اندر رقومات کی واگزاری کی ہدایت دی ،تاہم مذکورہ سرپنچ ایسا کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد انتظامیہ نے سرپنچ حلقہ لچھم پورہ کے مالی اختیارات تا حکم ثانی چھین لئے اور بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر راجواڑ کو پنچایت حلقہ راجواڑ کواز خود نگرانی اور روز مرہ کے کام کاج کی دیکھ بال کرنے کی ہدایت دی ۔اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ہلال احمد میر نے معاملہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ منریگا مزدوری کی واگزار ی میں تا خیر کو بر داشت نہیں کیا جائے گا اور ہر سرپنچ اپنا کام خوش اسلوبی سے انجام دیں اور وقت مقررہ پر مزدوری کے پیسہ واگزار کریں تاکہ منریگا کے تحت کام کر رہے مزدوروں کو کسی تا خیر کے بغیر اپنی اجرت واگزار کی جائے گی ۔