لوہیا کی آخری رسومات ادا، دہشت گردی کاواقعہ نہیں:مکیش سنگھ

نیوز ڈیسک

جموں//ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل پولیس زون جموںمکیش سنگھ نے بدھ کو کہا کہ ڈی جی جیل خانہ جات ایچ کے لوہیا کے قتل کیس کی تحقیقات کے دوران دہشت گردی کا کوئی زاویہ سامنے نہیں آیا ہے۔ مکیش سنگھ نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر بتایا کہ ملزم سے پوچھ گچھ جاری ہے۔انہوںنے کہاکہ اس معاملے میں کوئی دہشت گردی سامنے نہیں آئی ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل جموںنے یہ بھی کہا کہ ابھی تک کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس واقعہ میں کوئی ملی ٹینسی کا عنصر سامنے نہیں آیا ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ گرفتار مجرم یاسر احمد سے تفتیش جاری ہے۔ادھربدھ کومقتول ڈائریکٹر جنرل کی آخری رسوم ادا کی گئیں۔اس موقعہ پر پولیس کے اعلیٰ افسران ، سیول انتظامیہ کے عہدیدار اور لوگوں کی خاصی تعداد موجود تھی۔مقتول اہلکار کی لاش قانونی اور طبی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد بدھ کی صبح آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔بعد ازاں، ایک تابوت جس میں افسر کی لاش کو ترنگے میں لپیٹا گیا تھا، پولیس لائنز جموں لے جایا گیا، جہاں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کے بعد اہلکار کی میت کو جوگی گیٹ کے شمشان گھاٹ لے جایا گیا۔ جہاںتوپوں کی سلامی کے درمیان نعش کو آگ کے شعلوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔