لشکرکے 3معاونین 31لاکھ نقدی کیساتھ گرفتار پلوامہ میں نقلی پستول بردار بھتہ خور پولیس کے ہتھے چڑھ گیا

نیوز ڈیسک

سرینگر//جموں و کشمیر پولیس نے منگل کو دعویٰ کیا ہے کہ سری نگر میں کالعدم لشکر طیبہ کے تین ملی ٹینٹ معاونین کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے 31,65,200 روپے کی نقد رقم اور دیگر مجرمانہ مواد برآمد کیا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ تھانہ نوگام کی پولیس پارٹی نے لسجن کراسنگ (NHW) پر معمول کی چیکنگ کے دوران تین مشکوک افراد کو لسجن سے شاہراہ کی طرف آتے ہوئے دیکھا جو ایک نیلے رنگ کا کرکٹ کٹ بیگ لے کر ناکہ چیکنگ پارٹی سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ انہیں الرٹ ناکہ پارٹی نے تدبیر سے پکڑا۔ ان کی شناخت عمر عادل ڈار ولد غلام حسن ڈار ساکن سوٹینگ، بلال احمد صدیقی ولد غلام احمد صدیقی ساکن کرسو راجباغ اور سالک معراج ولد معراج دین ڈار ساکن سوٹینگ کے طور پر ہوئی ہے۔

 

ترجمان نے کہا”عمر عادل ڈار کے ذریعہ اٹھائے گئے مذکورہ کٹ بیگ کی چیکنگ کے دوران، ہندوستانی کرنسی کی نقد رقم 31,65,200 (اکتیس لاکھ، پینسٹھ ہزار دو سو روپے)، 1موبائل فون، 3 صفحات پر مشتمل لشکر طیبہ کے لیٹر پیڈ برآمد کیا گیا تھا۔ بلال احمد صدیقی اور سالک معراج دیگر دو افراد کی ذاتی تلاش پر لشکر طیبہ کے ہر ایک لیٹر پیڈ کو برآمد کیا گیا، “۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تینوں کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے عسکریت پسندوں کے ساتھیوں کے طور پر کام کر رہے تھے۔پلوامہ ضلع میں پولیس نے منگل کو ایک بھتہ خور کو گرفتار کیا، جو عسکریت پسند کا روپ دھار رہا تھا۔پولیس سٹیشن راجپورہ کو ایک شخص کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی ،جس میں کہا گیا کہ تقریباً ساڑھے 7بجے جب وہ اپنے کلینک سے گھر جا رہا تھا، کچھ نامعلوم شخص نے اسے روکا اور اسے ہتھیاروں سے ڈرایا اور رقم اور دیگر قیمتی اشیاء مانگیں اور 3300 روپے اور موبائل فون لے کر فرار ہو گیا۔پولیس نے تھانہ راجپورہ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی جس کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار افراد میں سے ایک عادل احمد ڈار ساکن بیلو سے پیشہ وارانہ طور پر پوچھ گچھ کی گئی جس نے انکشاف کیا کہ اس نے کھلونا پستول کے ذریعے مذکورہ جرم کیا ۔ اس کے انکشاف پر دو کھلونا پستول، تین والیٹ، ایک ریڈمی موبائل فون، 3330 روپے نقد، جے کے بینک اے ٹی ایم، آدھار کارڈ، ایس بی آئی اے ٹی ایم کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، پین کارڈ، الیکشن کارڈ، جیو سم کارڈ اور الطاف الیکٹرک ورکس کا ایک واؤچر۔ شوپیاں برآمد کر لی گئیں۔