قربانی کے جانوروں کی قیمتیں مقرر محکمہ امور صارفین کا حکم نامہ جاری

بلال فرقانی

سرینگر//انتظامیہ نے عید الاضحی کی آمد کے پیش نظر پیر کو قربانی کیلئے پیش کئے جانے والے زندہ بھیڑ بکریوں کیلئے قیمتیں مقرر کردیں۔ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالسلام میر کی صدارت میں میں میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ تجارتی انجمنوں کے نمائندوںنے شرکت کی۔

 

میٹنگ کے بعد محکمہ کی طرف سے جاری حکم نامہ کے مطابق ڈائریکٹرنے جموں و کشمیر مٹن لائسنسنگ اینڈ کنٹرول آرڈر،1973 مجریہ کے تحت ایس آر او31محرر1974 کے تحت عیدالاضحی کے پیش نظر قربانی کے زندہ جانوروں کی فروخت کی شرح پر نظر ثانی کی اور قیمتوں کو دوبارہ طے کیاگیا۔نئے نرخنامے کے مطابق بھیڑ(دہلی والا)زندہ کی قیمت فی کلو310روپے،بھیڑ(میرنوکراس) فی کلو قیمت310روپے،بھیڑ ،بکروال فی کلو قیمت295روپے،بھیڑ(کشمیری مقامی) قیمت295روپے فی کلوگرام،اور زندہ بکرا فی کلوگرام قیمت285روپے مقرر کی گئی ہے ۔ اس سے قبل میٹنگ میں کشمیر اکنامک الائنس شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار،کشمیر ہول سیل مٹن ڈیلرس ایسو سی ایشن کے صدر منظور احمد قانون ،اکنامک الائنس لیڈر حاجی نثار،سینٹرل کانٹریکٹرس کارڈینیشن کمیٹی کے سیکریٹری ارشد احمد بٹ ،تاجر لیڈر ابرار احمد کے علاوہ محکمہ خوراک اور شیپ ہسبنڈری کے افسران نے شرکت کی۔

 

میٹنگ کے دوراں متعلقین نے قربانی کے بھیڑ و بکریوں کی قیمت طے کرنے کیلے اپنی آرائیں اور تجاویز پیش کیں۔ہول سیل مٹن ڈیلرس ایسو سیایشن نے موجودہ منڈیوں کی صورتحال ٹرانسپورٹ کرائیوں میں اضافہ،قیمتوں میں اچھال اور مارکیٹ حالات کو مد نظر رکھتے ہوے قیمتوں کو طے کرنے کا مطالبہ کیا۔