فیفا ورلڈ کپ یوروگوائے اور گھانا کا سفر تمام، جنوبی کوریا پری کوارٹر فائنل میں

 کیمرون برازیل کو شکست دینے والا پہلا افریقہ ملک بنا

دوحہ //قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ میں گروپ میچز کے آخری مراحل میں دو دفعہ کی عالمی چمپیئن یوروگوائے آخری میچ میں گھانا کے خلاف جیت کے باوجود ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی کوریا نے کامیابی کے ساتھ پری کوارٹرفائنل میں جگہ بنائی۔قطر کے الجنوب اسٹیڈیم میں گروپ ایچ کی ٹیموں گھانا اور یوروگوائے کے درمیان مقابلہ جہاں اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے دونوں ٹیموں کو جیت کے ساتھ ساتھ بہترین کارکردگی بھی دکھانی تھی تاکہ پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی کوریا پر انہیں برتری حاصل ہوجاتی۔ یوروگوائے نے پہلے ہاف میں دو گول کیے او اچھے کھیل کی بدولت امکانات بحال رکھے لیکن گروپ ایک اور میچ کے نتیجے کے باعث ان کی کارکردگی ناکافی ثابت ہوئی۔ جیورجیان ڈی آراسائیٹا نے 26 ویں منٹ میں پہلا گول کرکے یورو گوائے کو امید دلائی اور اس کے بعد 32 ویں منٹ میں ایک اور گول داغ دیا، جس کے بعد یوروگوائے بہترین پوزیشن پر آگئی تھی۔دوسری جانب گھانا نے بھی اپنا بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن ناتجربہ کار ٹیم جیت کا تسلسل برقرار نہ رکھ سکی اور یوروگوائے جیسے مضبوط ٹیم کے خلاف کوئی گول نہ کرسکی تاہم مخالف ٹیم کے تابڑ توڑ حملے بھی ناکام بنادیے۔ یوروگوائے نے مقررہ وقت تک اپنی برتری برقرار رکھی اور میچ 0-2 سے جیت لیا لیکن جنوبی کوریا کے مقابلے میں پوائنٹس کی شرح میں معمولی فرق کی وجہ سے ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ یوروگوائے کی ٹیم اس سے قبل بھی دو مرتبہ ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں ہی ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی اور اب تیسری مرتبہ واپسی کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔گروپ ایچ کا دوسرا میچ ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم پرتگال اور جنوبی کوریا کے درمیان سنسنی خیز انداز میں ہوا۔پرتگال کے ریکارڈو ہورٹا نے 5 ویں منٹ میں گول کرکے اپنے عزائم ظاہر کیے تاہم یہ سلسہ برقرار نہیں رہا۔جنوبی کوریا نے ورلڈ کپ میں اپنی جگہ قائم رکھی اور ناقابل شکست رہنے والی پرتگال کی ٹیم کو زیر کرلیا۔کم یونگ گوان نے 27 ویں منٹ میں جنوبی کوریا کے لیے پہلا گول کیا، جس کے بعد اضافی وقت میں ہوانگ ہی چان نے ایک اور گول کردیا۔ پرتگال گروپ میں ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی رہی تھی لیکن جنوبی کوریا نے آخری گروپ میچ میں 1-2 سے شکست دے دی۔