فیفا انڈر 17 خواتین فٹ پال ورلڈ کپ جھارکھنڈ کی اسٹم اوراوں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گی

رانچی//یو این آئی// فٹ بال ایسوسی ایشن آف انڈیا نے فیفا انڈر 17خواتین ورلڈ کپ فٹ بال کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ۔ہندوستانی ٹیم میں جھارکھنڈ کی اسٹم اوراں، نیتو لنڈا، انجلی منڈا، انیتا کماری، پورنیما کماری اور سدھا انکیتا ٹرکی کو شامل کیا گیا ہے ۔ اسٹم اوراوں اور سدھا انکیتا ٹرکی گُملا سے ہیں جبکہ نیتو لنڈا، انیتا کماری اور انجلی منڈا رانچی اور پورنیما کماری سمڈیگا کی رہنے والی ہیں۔ فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ فٹ بال مقابلے میں پہلی بار جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی اسٹم اوراوں بطور کپتان ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گے ۔سال 2020 میں لاک ڈاؤن کے دوران جب پورا ملک بند تھا، اس دوران 2021 میں ہونے والے فیفا انڈر 17 کے لیے ہندوستانی ٹیم میں منتخب جھارکھنڈ کی کھلاڑیوں کو گوا سے واپس جھارکھنڈ جانا پڑاتھا۔ زیادہ تر کھلاڑیوں کی مالی حالت کمزور ہونے کی وجہ سے تیاری اور کھنا پینا متاثر ہو رہا تھا۔ جب یہ معاملہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے علم میں آیا تو انہوں نے سب سے پہلے محکمہ کھیل کو ہدایت دی کہ وہ فیفا مقابلے کے لیے منتخب ریاست کے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا بندوبست کرے ، جس کے بعد تمام کھلاڑیوں کو رانچی لا کر طبی سہولیات کے ساتھ ریاستی مہمان خانے میں رکھا گیا۔ قومی ٹیم کے مینو کے مطابق ان کے لیے کھانے کا بندوبست اور کیمپ کے لئے مورہابادی فٹبال اسٹیڈیم گراؤنڈ اور دو کوچز کا انتظام کیا گیا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر جمشید پور میں فیفا ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کی ورلڈ کلاس ٹریننگ کی سہولت کو یقینی بنایا گیا جہاں ہندوستانی ٹیم نے ورلڈ کپ کے لیے 10 ماہ تک ٹریننگ کی تھی۔ ٹیم کے لیے رہائش، گراؤنڈ، سوئمنگ پول، جم سمیت سفر کے لیے بس کی سہولت پورے 10 ماہ کے لیے یقینی بنائی گئی۔