فوج وپولیس کی بچائو ٹیموں کی برف پوش پہاڑوں تک رسائی خراب موسم سے متاثر ہوئے خانہ بدوشوں کو راشن و ادویات فراہم کیں

سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ فوج کی امدادی ٹیموں نے پیر پنجال کے بالائی علاقوں میں موجود خانہ بدوش کنبوں کیساتھ رابطہ قائم کرتے ہوئے ا ن تک امدای پہنچانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔حکام کے مطابق راجوری ضلع کے مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے خانہ بدوش پیر پنجال خطہ کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر کے مختلف بالائی علاقوں میں موجود ہیں اور یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ تین مختلف مقامات پر برف میں پھنسے ہوئے ہیں ۔

 

ان تین مقامات میں سے ایک کشمیر کے کولگام ضلع میں، ایک کشمیر کے شوپیاں ضلع میں اور ایک ضلع ریاسی کی تحصیل چسانہ میں تھا۔انہوں نے بتایا کہ شوپیاں کی ضلع انتظامیہ کی ٹیمیں بدھ کی شام کو ضلع میں خانہ بدوشوں سے رابطہ قائم کرنے میں کامیاب ہوئیں جبکہ ضلع انتظامیہ کولگام کی ٹیموں نے بھی بدھ کی شام کو اپنے اپنے دائرہ اختیار میں ان سے رابطہ قائم کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاسی ضلع کی تحصیل چسانہ کے بالائی علاقوں اور ڈھوکوں میں خانہ بدوشوں کا پتہ لگانے اور ان سے رابطہ قائم کرنے کے لئے ایک بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا جو جمعرات کی سہ پہر مکمل ہوا۔انہوں نے بتایا کہ ریاسی کی تحصیل چسانہ کے بالائی علاقوں میں موجود خانہ بدوشوں کا سراغ لگانے اور انہیں بنیادی ضروریات فراہم کرنے اور ان کی خیریت دریافت کرنے کیلئے فوج کی امدادی ٹیموں کے ساتھ پولیس دستے کوتین الگ الگ مقامات سے روانہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ٹیموں نے دس کلو میٹر سے زائد کا سفر کر کے برف سے ڈھکی ہوئی پہاڑی ڈھلوانوں پر موجود خانہ بدوشوں تک رسائی حاصل کی ۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ فوج کی ٹیموں نے خانہ بدوشوں کو خشک راشن، کمبل اور ادویات جیسی بنیادی چیزیں فراہم کیں ۔اسسٹنٹ کمشنر ریونیو راجوری، عمران رشید، جو آپریشن کے نوڈل آفیسر ہیں، نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تمام خانہ بدوش جو ان علاقوں میں موجود ہیں،محفوظ ہیں اور ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مویشیوں کا نقصان ہوسکتا ہے لیکن ابھی تک کوئی چیز واضح نہیں ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ فوج اور پولیس کی ٹیموں نے آج ایک مشکل کام لیا اور چسانہ کے بالائی علاقوں میں خانہ بدوشوں کا سراغ لگایا اور ان سے ملاقات کی اور کوئی جانی نقصان کے بغیر تمام محفوظ ہیں۔