فوج نے مہو، رام بن میں پل تعمیر کیا

رام بن// بھارتی فوج نے دور دراز کے رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے “عوام دوستی” اقدام کے تحت ضلع رام بن کے ایک دور افتادہ گاؤں مہو – منگیت نالہ پر 1.5 ٹن بوجھ کی گنجائش کے ساتھ 37 فٹ لمبا اور 6 فٹ چوڑا پل تعمیر کیا۔مضبوط سٹیل پل گاؤں کو جوڑتا ہے ۔ اس پل کے وجود سے پہلے صرف لکڑی کا ایک عارضی پل تھا جو گاؤں کو دونوں طرف سے جوڑتا تھا۔لکڑی کے پل کو عبور کرتے ہوئے لوگوں کو بے شمار چیلنجز اور خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔ ماضی میں، سردیوں اور موسم بہار کے شروع میں گاؤں کے دوسری طرف ان کی رسائی تقریباً مکمل طور پر مسدودہو جاتی تھی۔ سردیوں میں دیہاتی برفباری کے خوف سے لکڑی کے پل کو عبور نہیں کر سکتے تھے اور موسم بہار میں نالے میں مسلسل طغیانی کی وجہ سے نالے کے دوسری طرف جانا مشکل ہو جاتا تھا۔اب، پل نے رہائشیوں کو گاؤں کے دونوں اطراف کے ساتھ ساتھ بنیادی خدمات اور بازاروں تک ہر موسم تک رسائی کے قابل بنا دیا ہے۔ اس پل سے 1200 سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ عوام نے فوج کا اظہار تشکر کیا۔