فرسلن چندنواڑی میں آئی ٹی بی پی گاڑی لڑھک گئی|| 7اہلکار ہلاک،33زخمی، 8کی حالت نازک قرار ڈیڑھ ماہ تک یاترا ڈیوٹی پر مامور جوان پولیس گاڑی میں واپس آرہے تھے

عارف بلوچ

اننت ناگ //تقریباً ڈیڑھ ماہ تک یاترا ڈیوٹی پرماموررہنے کے بعد انڈوتبتین بارڈر پولیس(ITBP) اہلکاروں کو واپس لیکر آرہی گاڑی کو منگل کی صبح چندن واڑی کے نزدیک اس وقت حادثہ پیش آیا جب گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر پہاڑی سے لڑھک کر دریائے لدر میں جاگری۔اس حادثہ میں گاڑی میں سوار 7اہلکار ہلاک جبکہ33دیگر زخمی ہوئے جن میں پولیس کا ایک سلیکشن گریڈ کانسٹیبل بھی شامل ہے۔ زخمیوں میں 8کی حالت نازک ہے جنہیں سرینگر بادامی باغ اسپتال میں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ منتقل کردیا گیا۔ سالانہ امرناتھ یاترا2022کے دوران سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات انڈئو تبتین بارڈر پولیس کے جوان چندن واڑی سے جموں کشمیر پولیس کی ایک بس زیر نمبر JK03A 5296 میں واپس آرہے تھے۔ پولیس کے مطابق صبح کے قریب 11بجکر 20منٹ پر یہ واقعہفرسلن چندن واڑی کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب موڑ کاٹنے کے دوران ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی کئی بار لڑھکتے ہوئے نیچے دریائے لدر میں جا گری۔ اس وقت گاڑی میں ڈرائیور سمیت 40اہلکار سوار تھے۔

 

حادثہ پیش آنے کے فوراً بعد پولیس اورفورسزاہلکاروںنے مقامی لوگوں کی مدد سے بچائو کارروائی شروع کی ۔ زخمیوں کے اوپر لایا گیا اور انہیں فوری طور پر پہلگام اسپتال پہنچایا گیا لیکن ان میں سے 6موقعہ پر ہی دم توڑ بیٹھے تھے جبکہ ایک اننت ناگ ضلع اسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔دیگر 33زخمیوں میں سے25کو اننت ناگ میں داخل کیا گیا جبکہ8 شدید زخمیوں کو اننت ناگ سے فوجی اسپتال بادامی باغ یا گیا۔پولیس نے بتایا کہ ان میں سے 4کی حالت انتہائی نازک ہے۔مہلوک اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل دلا سنگھ (ترن تارن، پنجاب)، کانسٹیبل ابھیراج (لکھیسرائے، بہار)، کانسٹیبل امیت کمار (ایٹا، یوپی)، کانسٹیبل ڈی راج شیکھر (کڑپہ، آندھرا پردیش)، کانسٹیبل سبھاش سی بیروال (سیکر راجستھان) کانسٹیبل دنیش کمار بوہرا (پتھورا گڑھ، اتراکھنڈ) اور کانسٹیبل سندیپ کمار ( جموں و کشمیر)کے طور پر کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ سبھی اہلکار آئی ٹی بی پی 4اور 54بٹالین سے وابستہ تھے۔مذکورہ گاڑی کا ڈرائیور پولیس کے آئی آر پی تھرڈ بٹالین کے سلیکشن گریڈ کانسٹیبل شیر خان چلا رہے تھے۔ وہ بھی زخمی ہوا ہے۔ادھر کشمیر زون پولیس نے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر جانکاری دی کہ اننت ناگ ضلع کے چندنواری پہلگام کے قریب ایک سڑک حادثے میں، آئی ٹی بی پی کے7 اہلکارجاں بحق ہو گئے جب کہ کئی دیگر زخمی ہو گئے، جنہیں علاج کے لیے سری نگر کے آرمی ہسپتال میں ایئرلفٹ کیا جا رہا ہے۔ڈی آئی جی ،آئی ٹی بی پی ایس ایل تھائوسن نے کہاکہ ہماری فورس کے7جوان جاں بحق ہوئے ،اوردیگر کئی زخمی ہوئے ۔انہوںنے مزیدکہاکہ 8شدیدزخمی جوانوںکوائرلفٹ کرکے آرمی اسپتال سری نگر منتقل کیاگیا جبکہ باقی زخمی اننت ناگ ضلع اسپتال میں زیرعلاج ہیں ۔

منوج سنہا کا اظہار رنج
فاروق، عمر اور محبوبہ کا اظہار افسوس
نیوز ڈیسک

سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلگام سڑک حادثے پر سخت صدمہ ظاہر کرتے ہوئے مہلوک اہلکاروں کے لواحقین کیساتھ ہمدردی اورتعزیت کااظہار کیا۔ انہوںنے سبھی زخمیوں کوموثر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اُن کی جلد صحت یابی وسلامتی کیلئے دعاکی ۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے علاوہ رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے اپنے بیانوں میں چندن واڑی بس حادثے میں آئی ٹی بی پی اہلکاروں کے لقمہ اجل بن جانے اور دیگرکے زخمی ہونے پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے لقمہ اجل بنے اہلکاروں کے پسماندگان کیساتھ تعزیت کی اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کیلئے دعا کی۔