غیر مقامی افراد کو رائے دہی کا حق الیکشن کمیشن فیصلہ کیخلاف سنیل ڈمپل کی سربراہی میں احتجاج

جموں//کشمیرکی مین اسٹریم پارٹیوں کی جانب سے غیر مقامی افراد کو ووٹنگ لسٹ میں شامل کرنے کے فیصلے کے خلاف آل پارٹیز میٹنگ طلب کرنے کے بیچ جانی پور جموں میں بھی لوگوں نے اس کے خلاف احتجاجی مظاہرئے کئے جس دوران الیکشن کمیشن کی کاپیاں نذر آتش کی گئیں۔سماجی کارکن سنیل ڈمپل کی سربراہی میں جانی پور جموں میں ایک احتجاج کیا گیا جس دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے غیر مقامی افراد کو ووٹنگ لسٹ میں شامل کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ہاتھوں میں بینر لئے مظاہرین نے کہاکہ غیر مقامی افراد کوووٹنگ فہرست میں شامل کرنا جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے ناقابل برداشت ہے اورا س کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔اس موقع پر احتجاج کی سربراہی کر رہے سماجی کارکن سنیل ڈمپل نے کہاکہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ ڈوگروہ ریاست کی شناخت کو تبدیل کرنے کا ایک حربہ ہے اور اس فیصلے سے ریاستی درجے کی جو مانگ ہم کر رہے ہیں وہ بھی کمزور ہو گی۔اْن کے مطابق معاملہ انتہائی حساس ہے لہذا وزیر اعظم نریندر مودی کو فوری طورپر مداخلت کرکے اس فیصلے کو واپس لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پہلے دفعہ 370 کو منسوخ کیا گیا اور اب جموں وکشمیر کی شناخت کو مسخ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔سنیل ڈمپل نے کہاکہ جموں وکشمیر کو دوبارہ ریاست کا درجہ بحال کیا جانا چاہئے تاکہ ڈوگرہ ریاست کی شناخت بحال ہو سکے۔