غزہ میں بمباری سے1500مکانات تباہ

غزہ// اسرائیلی جارحیت، غزہ میں بمباری سے1500 مکانات تباہ ہوئے۔غزہ میں فلسطینی حکومت کی وزارت اطلاعات دفتر نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے9 رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوئیں، اور تقریبا 1500 ہائوسنگ یونٹس کو نقصان پہنچا، جن میں سے 16 مکمل طور پر تباہ، 71 ناقابل رہائش، اور 1400 یونٹس کو جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔درجنوں زرعی ایکڑ اراضی کو بھی نقصان پہنچا۔ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا اور کئی علاقے بجلی کی سپلائی لائنیں کٹ جانے کے باعث اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔بجلی کے تعطل کے باعث غزہ میں انسانی بحران کا خدشہ ہے۔ بمباری کے باعث شہریوں کو صرف 20 فی صد تک بجلی کی سہولت دستیاب ہے۔572 میگا واٹ میں سے 120 میگا واٹ دستیاب ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ جارحیت کے جاری رہنے کی وجہ سے پیر کو ہونے والے تکمیلی امتحانات کو ملتوی کر دیا گیا۔

اسرائیلی فوج کی فائرنگ
۔3فلسطینی نوجوان جاں بحق، 40 زخمی
غزہ// مغربی کنارے میں چھاپا مار کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے 3 نوجوانوں کوہلاک اور 40 کو زخمی کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج اور اسلامی جہاد کے درمیان جنگ بندی کے فوری بعد مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے 3 نوجوانوں کو ہلاک کردیا۔فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے 40 سے زائد نوجوانوں کو اسپتال لایا گیا۔ زخمیوں میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں گرفتاری کے لیے جانے والی ٹیم پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس پر فوج کو دفاع میں جوابی فائرنگ کرنا پڑی۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال اسرائیلی سرزمین پر چاقو بردار ملزمان کے حملوں میں 19 یہودی کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز نے ایک ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ ا?پریشن کیا تھا۔واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی فوج کی تین روز تک جاری رہنے والی وحشیانہ بمباری میں 44 افراد ہلاک ہوئے جن میں 14 بچے بھی شامل تھے اور کل ہی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔