عید الاضحی کی تقریب چیف سیکرٹری نے اِنتظامات کا جائزہ لیا

سرینگر//چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سول سیکرٹریٹ میں اِنتظامی سیکریٹریوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں آنے والی تقریب عید الاضحی کے اِنتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ابتداً، چیف سیکرٹری نے عید الاضحی کیلئے کئے جانے والے اِنتظامات کا جائزہ لیااور متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ راشن اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کی مناسب فراہمی یقینی بنائیں تاکہ اِس سلسلے میں لوگوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے اَفسران کو عید الاضحی کے دوران لوگوں کو پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کویقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔چیف سیکریٹری نے حکومت کی طرف سے مقررکردہ نرخوں کا بھی جائزہ لیا اور اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ مارکیٹ چیکنگ کو تیز کریں اور تمام اشیاء کی پہلے سے مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنائیں۔اِس کے علاوہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری سے بچنے کے لئے مارکیٹ میں تمام ضروری سامان کی دستیابی کویقینی بنائیں۔چیف سیکریٹری نے متعلقہ اَفراد کو ہدایت دی کہ وہ تقریب کے سلسلے میں علاقوں میں صفائی مہم چلائیں ۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ عید گاہوں پر عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے مناسب اِنتظامات کئے جائیں۔