عیدہ گاہ ۔ہاڑی رابطہ پل تعمیر ہونے کا خواب پورا نہ ہوسکا | طلباء و بزرگ جان جوکھم میں ڈال کر دریا عبور کرنے پر مجبور

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر سرنکوٹ کے صدر مقام سے الگ بھگ 10 کلو میٹر کی دوری پر واقع گاؤں ہاڑی میں بنیاد ی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے جبکہ گائوں کو دیگر علاقوں سے جوڑنے کیلئے دریا پر رابطہ پل ہی تعمیر نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے عام لوگوں بالخصوص سکولوں اور کالجوں میں جانے والے بچوں کو بزرگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔ عید گاہ تا ٹنڈ قاضیاں جانے والی چھ کلو میٹر سڑک جس کی تعمیر محکمہ آر اینڈ بی کی جانب سے کچھ برس قبل شروع کی گئی تھی تاہم زمین کی کٹائی کے بعد اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ ربطہ سڑک پر ابتدائی علاقہ میں ایک دریا آتا ہے جس کو پیدل عبور کرنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے ۔سکندر نورانی نامی ایک مقامی رضا کار نے بتایا کہ 2021 میں بڑی مشقت کے بعد محکمہ نے کچھ دریا کے درمیانی حصے پر پانی کے نکاس کے لئے کچھ پختہ پاپئیں ڈالی تھی جو بعد میں طوفانی دریا کے باعث بہہ گئی ۔اس کے بعد متعلقہ حکام نے کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مشکل کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام کو جانکاری فراہم کی گئی تاہم ابھی تک کوئی عملی کام نہیں کیاگیا ہے ۔والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کے بچوں کو دریا عبور کرنے میں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مریضوں کو مشکل وقت میں ہسپتال منتقل کرنے میں بھی مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔مقامی معززین اور والدین نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دریا پر رابطہ پل تعمیر کیا جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔