عیدگاہ میدان معاملہ میں کشیدگی | کرناٹک میں پولیس کا فلیگ مارچ،25گرفتار

بنگلورو//یو این آئی//کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں عیدگاہ میدان کے سلسلے میں دو برادریوں کے درمیان جاری کشیدگی کے درمیان پولیس نے جمعہ کو حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے فلیگ مارچ کیا۔شہر میں عیدگاہ میدان کے تعلق سے وزیر ریونیو آر اشوک کے دعوے میں اس زمین کو محکمہ ریونیو کی زمین بتانے کے بعد تنازعہ شروع ہوا، دوسری طرف وقف بورڈ بھی اس زمین پر اپنا دعویٰ کرتا ہے ۔کرناٹک پولیس نے جمعہ کو کہا کہ محرم کے دوران فرقہ وارانہ تصادم میں مبینہ طور پر ملوث 25 سے زیادہ لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے ۔کوپل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اروننگاشی گری نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ گرفتاریاں ہولی حیدر گاؤں میں ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ تصادم میں دو افراد ہلاک ہوئے اور علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔اس تصادم میں ولی پاشا (22) اور یناکپا تلاوید (60) مارے گئے جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے ۔تصادم اس وقت شروع ہوا جب ایک ہندو لڑکا مبینہ طور پر محرم کی ایک تقریب کے دوران ایک مسلمان لڑکی سے ملنے گیا۔ اس دوران آپس میں جھگڑا ہوا جو تصادم میں بدل گیا۔