عدم اعتماد کی تحریک میں اکثریت ثابت کرنے میں ناکام ہندوارہ میونسپل کونسل چیئرمین عہدے سے برطرف

اشرف چراغ

کپوارہ//میونسپل کمیٹی ہندوارہ کے چیئرمین مسرور بانڈے کو جمعرات کو عہدے سے ہٹا دیا گیا کیونکہ وہ عدم اعتماد کی تحریک ہار گئے جو پہلے کئی کونسلروں نے ان کے خلاف پیش کی تھی۔ معلوم ہوا کہ میونسپل کمیٹی کے چیئر مین کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ پیش کیا گیا جس میں تمام 13 کونسلروں نے حصہ لیا۔ 13کونسلروں میں سات مسرور بانڈے کے خلاف گئے جس کے نتیجے میں انہیں صرف ایک ووٹ کے فرق سے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔دریں اثنا وائس چیئرمین ایم سی ہندوارہ بشیر احمد خان اس وقت تک چیئرمین کا عہدہ سنبھالیں گے جب تک کونسلر نئے چیئرمین کا انتخاب نہیں کر لیتے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال بھی ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی تاہم وہ اپنی اکثریت ثابت کرنے میں کامیاب رہے۔