ضلع اودھم پور میں غیر قانونی کان کنی پر روک لگائی جائے:اپنی پارٹی

ادھم پور//اپنی پارٹی ضلع کمیٹی اودھم پور نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع میں غیر قانونی کان کنی پر روک لگائی جائے کیونکہ اِس کی وجہ سے سطح آب میں غیر متوقع کمی واقع ہوئی ہے۔ پارٹی دفتر دومیل میں ورکروں کی ماہانہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سنیئر صوبائی نائب صدر اور سابقہ ایم ایل اے فقیر ناتھ ، جوکہ ضلع کے انچارج بھی ہیں، نے غیر قانونی کان کنی کی وجہ سے سطح آب میں کمی سے پیداشدہ ماحولیاتی مسائل کا جائزہ لیا۔ فقیر ناتھ نے ضلع اودھم پور میں دریا، نالوں اور غیر قانونی طور کھڈ سے پتھر، بجری اور ریت نکالنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

 

انہوں نے کہاکہ اس وجہ سے متعدد علاقوں میں سطح آب میں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ مائننگ اور سول انتظامیہ کی ملی بھگت سے ہورہی غیر قانونی کان کنی کیخلاف احتجاج کر رہے لوگوں کی ہماری جماعت مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع انتظامیہ مائننگ مافیا کیخلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے جوکہ ایک تشویش کن امر ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر اب بھی انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہ کی تو پارٹی لوگوں کے ساتھ سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہوجائے گی۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے گذارش کی کہ غیر قانونی سرگرم عمل مائننگ مافیا کیخلاف کارروائی کی جائے جنہوں انتظامیہ کا نہ کوئی خوف ہے اور نہ ڈر۔