صوبائی کمشنر جموں نے عید الاضحی کے انتظامات کا جائزہ لیا 

جموں//ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار نے عید الاضحیٰ کے تہوار کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے متعلقہ افسران اور سول سوسائٹی کے اراکین کی ایک میٹنگ طلب کی۔ڈویژنل کمشنر نے جے پی ڈی سی ایل اور جل شکتی محکموں کو ہدایت دی کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں، جبکہ شہری حکام سے کہا گیا کہ وہ عیدگاہ اور مساجد کے ارد گرد صفائی برقرار رکھیں۔ انہوں نے نافذ کرنے والے محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اشیائے ضروریہ کے نرخوں اور معیار پر نظر رکھیں اور زائد قیمتوں اور دیگر غیر منصفانہ تجارتی طریقوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی “مارکیٹ کی سخت جانچ پڑتال کریں اور ریٹ لسٹوں کے نوٹ کی نمائش کو نافذ کریںجوحکومت کی طرف سے عام لوگوں کی معلومات کے لیے تیار کیا گیا ہے” ۔محکمہ صحت کو ہدایت کی گئی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اجتماعی نمازوں کے مقامات اور تہوار کے دوران صحت کی دیکھ بھال کی خدمات مہیا کرے۔صوبائی کمشنرنے پولیس اور محکمہ ٹریفک پر زور دیا کہ وہ مساجد کے ارد گرد مناسب حفاظتی انتظامات کریں اور زائرین کو کسی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لیے ٹریفک کے انتظام کو یقینی بنائیں۔انہوںنے تہوار کو خوش اسلوبی سے منانے کے لیے مختلف محکموں اور اوقاف اور مسجد کمیٹیوں کے درمیان قریبی تال میل برقرار رکھنے پر زور دیا۔جے ایم سی سے کہا گیا کہ وہ بہتر صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹس کے کام کو یقینی بنائے، جب کہ پی ڈبلیو ڈی سے کہا گیا کہ وہ شہر کی سڑکوں اور مساجد تک پہنچنے والی سڑکوں پر، اگر کوئی ہے تو، گڑھوں کو بھرنا شروع کرے۔دریں اثناء صوبائی کمشنر نے ڈویڑن کے تمام اضلاع میں عیدالاضحیٰ منانے کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ جموں ڈویژن کے ایس ایس پیز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔انہوںنے ڈی سیز کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر عید الاضحی کی خوش اسلوبی سے منانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ڈائریکٹر فوڈ سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیئرز سے بھی کہا کہ وہ تہوار کے دوران اضلاع میں ضروری اشیاء کے مناسب سٹاک کو یقینی بنائیں۔