صدارتی انتخابات مرمو اور سنہا کےکاغذات نامزدگی درست پائے گئے

 

نئی دہلی//یو این آئی// صدارتی انتخابات کے لئے داخل کئے گئے 115 پرچہ نامزدگیوں میں سے صرف دو امیدوار قومی جمہوری اتحاد کے دروپدی مرمو اور مشترکہ اپوزیشن امیدوار یشونت سنہا کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے ہیں۔راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل اور صدارتی انتخابات کے ریٹرننگ آفیسر پی سی مودی نے جمعرات کو کہا کہ صدارتی انتخابات کے لیے نامزدگی داخل کرنے کا عمل 15 جون کو شروع ہوا تھا اور نامزدگیوں کے آخری دن 29 جون تک کل 115 کاغذات نامزدگی داخل کیے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کل کاغذات نامزدگی کی جانچ کے بعد صرف دو امیدواروں محترمہ مرمو اور مسٹر سنہا کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے ہیں اور دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مختلف کوتاہیوں کی وجہ سے مسترد کردیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی شیڈول کے مطابق ناموں کی واپسی 2 جولائی کی سہ پہر 3 بجے تک کی جا سکتی ہے ۔ اس کے بعد صدارتی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر ووٹنگ 18 جولائی کو ہو گی اور ووٹوں کی گنتی 21 جولائی کو ہو گی۔انتخابات کے لیے داخل کیے گئے کل 115 کاغذات نامزدگی میں سے 28 کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت مسترد کر دیے گئے ۔ یہ کاغذات نامزدگی صدر اور نائب صدر ایکٹ 1952 کے سیکشن 5بی(4) کے تحت مسترد کیے گئے تھے ۔ باقی 87 کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی جن میں سے 79 کاغذات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے مسترد کر دیے گئے ۔ محترمہ مرمو اور مسٹر سنہا دونوں نے پرچہ نامزدگی کے چار سیٹ داخل کیے تھے ۔صدارتی انتخابات کے لیے 16 ریاستوں اور قومی راجدھانی دہلی سے کل 115 کاغذات نامزدگی داخل کیے گئے تھے ۔