صحت اسکیم کا معاملہ ۔5ڈاکٹروں کی پرائیویٹ پریکٹس پر پابندی

پرویز احمد

سرینگر //زیر التوا تحقیقات کی وجہ سے جموں و کشمیر سرکار نے جمعرات کو 5ڈاکٹروں کی پرائیویٹ پریکٹس پر فوری طورپابندی عائد کردی ہے۔ پرنسپل سیکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ایس ڈی ایچ پٹن میں تعینات ڈاکٹر طفیل احمد لون، پی سی آر سرینگر میں تعینات ڈاکٹر نور الدین شاہ، ایس ڈی ایچ ماگام میں تعینات ڈاکٹر مدثر شاہدار، ایس ڈی ایچ ٹنگمرگ میں تعینات ڈاکٹر فاروق احمد اور پرائمری ہیلتھ سینٹر حاجن میں تعینات ڈاکٹر اشفاق احمد پرہ کی پرائیویٹ پریکٹس پر پابندی عائد کردی ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ان ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی ان شکایت کے بعد کی گئی ، جن میں ان ڈاکٹروں کی جانب سے مریضوں کو صحت اسکیم کا فائدہ اٹھانے کیلئے سرکاری اسپتالوں کے بجائے پرائیویٹ اسپتالوں میں بھیجنے کے معاملات سامنے آئے۔تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی کو صحت اسکیم کے فائد ے حاصل کرنے کیلئے مریضوں کوسرکاری اسپتالوں سے نجی اسپتالوں کی جانب راغب کرنے کی شکایت کی مکمل تحقیقات کرے گی۔