شیڈول کاسٹ بستی کیلئے پختہ پاتھ کے کام میںغیر معیاری میٹریل کے استعمال کاالزام  | 3.78 لاکھ روپے کے کاموں کو روکنے اور متعلقہ حکام کو مطلع کرنے کے باوجود بھی کاروائی ندارد

محمد تسکین
بانہال // بلاک رام بن کی گنوت پنچائت کی سرپنچ نے محکمہ دیہی ترقی اور متعلقہ ٹھیکیداروں پر ٹینڈروں کے مطابق کام انجام دینے کا الزام عائدکرتے ہوئے محکمہ کے حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ گزشتہ روز گنوت کی سرپنچ کانتا دیوی نے شیڈول کاسٹ بستی کیلئے 378000 روپئے کی لاگت سے بنائے جارہے پکے پاتھ کے دو الگ الگ کاموں کو ایگزیکٹو انجینئر رولر انجینئرنگ ونگ محکمہ دیہی ترقی رام بن کی طرف سے جاری الاٹمنٹ کے مطابق کام انجامِ نہ دینے کے خلاف کام کو روک بھی دیا اور اس بارے میں محکمہ دیہی ترقی رام بن کے حکام کو بھی مطلع کیا گیا لیکن کوئی کاروائی نہ کی گئی اور مبینہ من مرضی سے کام کو انجام دیا جارہا ہے۔کانتا دیوی سرپنچ گنوت بلاک رام بن نے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ ایگزیکٹو انجینئر REW رام بن کی طرف سے دو ٹھیکیداروں کے حق میں کی گئی الاٹمنٹ کے مطابق پکے پاتھ کے یہ دو کام آئیورویدک ڈسپنسری گنوت سے ساٹھ کے قریب شیڈول کاسٹ کنبوں پر مشتمل بستی کو جوڑنے کیلئے تعمیر کرنے تھے لیکن دونوں ٹھیکیداروں نے اس کام کو من مرضی سے آدھے راستے سے ہی شروع کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آر سی سی کی دیواروں کے بجائے پتھروں کی دیواریں بنائی جارہی ہیں اور ان پر اوپر سے سیمنٹ کرکے بھتی گنوت کی غریب بستی کے لوگوں کو دھوکہ دیا جارہا ہے اور سرکاری رقوم کو ضائع کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ گنوت علاقے میں بڑی مدت بعد منظور ہوئے ان دو کاموںکا تخمینہ مبلغ 194000 اور 184000 روپئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کاموں میں ٹھیکیدار مٹی ملی بجری اور غیر معیاری میٹریل کا استعمال کر رہے ہیں۔ سرپنچ کانتا دیوی نے کہا کہ ایک طرف سے کامیاب پنچایتی راج کے بارے میں بڑے بڑے دعویٰ کئے جارہے ہیں لیکن دوسری طرف سے پنچایتی نمائندوں کی آواز کو کوئی سننے والا نہیں ہے اور ٹینڈروں اور الاٹمنٹ کے مطابق کام کو انجام دینے کی بجائے ٹھیکیداروں اور محکمہ دیہی ترقی رام بن کے ملازمین دن دہاڑے من مرضی سے کام انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کام روکنے کے بعد انہوں نے یہ معاملہ محکمہ دیہی ترقی کے بلاک آفیسروں اور متعلقہ انجینئروں کی نوٹس میں لایا لیکن کوئی ٹس سے مس نہ ہوا اور کام بغیر کسی چیکنگ اور مقررمقام سے دوسری جگہ پر جاری رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سرپنچ ہیں مگر پنچایت گنوت رام بن میں محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے محکمہ کی جاری الاٹمنٹ کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی گئی ہیں۔معاملہ کی نسبت محکمہ دیہی ترقی رام بن کی رورل انجینئرنگ ونگ کے ایگزیکٹیو انجینئرسے رابطہ کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔