شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی جموں میں پانچ روزہ کرشک میلہ 2022ء اِختتام پذیر یونیورسٹی جلد ہی ملک کے اہم زرعی اداروں میں سے ایک ہوگی | طلباء او رسائنسدان لیبارٹری میں تیار کی گئی ٹیکنالوجی کو کسانوں کے کھیتوں تک لیکر پیداوار میں اضافہ کریں: چیف سیکرٹری

نیوز ڈیسک
جموں//شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (سکاسٹ )جموں کے زیر اہتمام پانچ روزہ کرشک میلہ 2022چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا کی صدارت میں اختتام پذیر ہوا۔ اِختتامی دِن کے موقعہ پر سیکرٹری ارون کمار مہتا نے شرکت کی اورمیلہ گرائونڈ میں کسانوں ، صنعت کاروں ، سٹارٹ اَپس اور عام مہمانوں سے بات چیت کی ۔ اُنہوں نے ایسے میگا ایونٹ کے اِنعقاد پر یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا جو کہ خیالات ، علم ، اختراعات اور تفریح کا حسین اِمتزاج تھا۔چیف سیکرٹری نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اِس اُمید کا اِظہار کیا کہ سکاسٹ جموں آنے والے برسوں میں ملک کے سرکردہ اور اعلیٰ زرعی اِداروں میں سے ایک ہوگی۔اُنہوں نے اِس میلے کو نوجوانوں کا لائیو میلہ قرار دیا جس میں نہ صرف سکاسٹ جموں بلکہ آس پاس کے کالجوں اور سکولوں کے طلباء کی فعال شمولیت تھی۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے طلباء او رسائنسدانوں سے اپیل کی کہ وہ لیبارٹری میں تیار کی گئی ٹیکنالوجی کو کسانوں کے کھیتوں تک لے کر پیداوار میں اِضافہ کریں۔اُنہوں نے کسانوں کو اَپنی آمدنی بڑھانے کے لئے یونیورسٹی کی طرف سے تیار کردہ ٹیکنالوجی کو اَپنا نے کی ترغیب دی۔چیف سیکرٹری نے کہاکہ ہر ضلع میں 75 امرت سرووروں کوبحال کرنے کا ہدف ریکارڈ وقت میں کامیابی سے حاصل کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے ان پنچایتوں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے جموں کے بہترین دیکھ ریکھ والے لان، پارکس اورروف گارڈنزکو اعزاز سے نوازنے کے علاوہ اپنے علاقے کے کمیونٹی تالابوں کوبحال کیا ہے۔اُنہوں نے جموں ضلع کی باربی پنچایت ، ضلع سانبہ کی سمیل پور پنچایت ، کٹھوعہ ضلع کی گاڑا پنچایت اور ضلع رِیاسی اور اودھمپور کی ماڑی پنچایت کو کمیونٹی تالاب کے زُمرے میں بہترین قرار دیا گیا ۔چیف سیکرٹری نے گرانٹ جموں کے کینک جاگیر ، سانبہ کی بدھوری اور پٹی ، کٹھوعہ کے میراٹھ او رراسہ ، ریاسی / اودھمپور کے لیہنواور پنتھل کو بھی نوازا۔