شوپیاں میں2نوجوان لاپتہ ۔ 10ویں جماعت کاطالب علم شامل

 شاہد ٹاک

شوپیان// ضلع شوپیان میں دسویں جماعت کا ایک طالب علم اور بی اے گریجویٹ نوجوان 29مارچ سے لاپتہ ہیں جن کا موبائل بھی مسلسل بندآرہا ہے ۔ ان کے اہلخانہ نے لوگوں اور پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ لاپتہ شدہ افراد کا پتہ لگانے میں ان کی مدد کریں ۔ سوگن گائوں میں دو نوجوان اپنے گھر سے لاپتہ ہو گئے ہیں جس سے ان کے اہل خانہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔دونوں کے اہل خانہ نے کہا کہ وہ 29مارچ سے لاپتہ ہیں۔ 16سالہ حنان فاروق ولد فاروق احمد سہہ اپنی 10ویں جماعت کے امتحانات میں شرکت کر رہا تھا ۔اس کے والد نے کہاکہ بدھ کے روز وہ اپنی بہن کے ساتھ اسکول جانے کے لیے گھر سے نکلا جس کے بعد وہ گھر واپس نہیں آیا۔انہوں نے کہا ’’اسکا فون مسلسل بند آرہا ہے‘‘۔اہل خانہ نے کہا کہ 16 سالہ نوجوان کی ایڈیٹ شدہ تصاویر اس کے ہاتھ میں ہتھیاروں کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ تصاویر کو شیئرنہ کریں۔دریں اثناء 23 سالہ شاکر احمد نجار ولد عبدالمجید نجار جو بی اے گریجویٹ ہے ، بھی گھر سے کام کے لیے نکلا، لیکن واپس نہیں آیا۔دونوں کے والدین نے مقامی تھانے سے رجوع کیا اور گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔