شوپیان میں یوٹیوبر پر حملے کا معاملہ ملوث دو ہائبرڈ ملی ٹنٹ گرفتار

شوپیان //شوپیان پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع میں ایک یوٹیوبر پر حملے میں ملوث 2ہائبرڈ ملی ٹینٹوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور انکی تحویل سے اسلحہ کی بر آمدگی بھی ہوئی۔ پولیس بیان کے مطابق پولیس اسٹیشن ہیر پورہ میں ایک یوٹیوبر نے شکایت درج کرائی تھی کہ ان پر حملہ کیا گیا۔ حملے سے متعلق ایف آئی آر نمبر/2022 116 درج ہونے کے بعد ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر شوپیان کی سربراہی میں ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی۔ دوران تفتیش زبانی، حالاتی اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر مشتبہ افراد کی کچھ تعداد پکڑی گئی۔ پوچھ گچھ کے دوران 2 مشتبہ افراد صہیب ریاض ولد ریاض احمد میر اور عنایت اللہ ولد محمد اقبال وانی نے حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ یہ بات بھی سامنے آئی کہ یہ دونوںکالعدم ٹی آر ایف کے ہائی برڈ ملی ٹینٹوں کے طور پر کام کر رہی تھی۔پولیس ترجمان کے مطابق،ان کے انکشاف پر، جرائم کے ہتھیار یعنی ایک پستول کے ساتھ اس کے میگزین اور 5 پستول راؤنڈ کے علاوہ، پولیس اور 44آرآر کی مشترکہ پارٹی نے سعدپورہ پائین کے باغات میں ایک آئی ای ڈی برآمدکی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔