شوپیان میں شبانہ فائرنگ کا تبادلہ سدھرا جموں میں دھماکہ کے بعد چیکنگ

شاہد ٹاک

شوپیان //واٹھو شرمال میں بدھ کی شام ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔گائوں میں رات دیر گئے تک تلاشی کارروائی جاری تھی۔ ادھرسدھراجموں میں گذشتہ شب پولیس چوکی کے قریب دھماکے آواز سنی گئی۔پولیس نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے 44آر آر اورسی آر پی ایف 14بٹالین کیساتھ مل کر مشترکہ طور پر شام کے قریب 5بجے شرمال کے نزدیک واٹھو نامی گائوں کا محاصرہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 6بجے کے قریب گائوں میں موجود ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔لیکن اس کے بعد مکمل خاموشی چھا گئی۔رات دیر گئے تک گائوں میں دوبارہ فائرنگ نہیں ہوئی ۔ سیکورٹی فورسز نے گائوں کے اس حصے میں روشنی کا انتظام کرلیا جہاں ممکنہ طور پر ملی ٹینٹ موجود ہیں۔ محاصرہ تنگ کیا گیا اور آپریشن جاری تھا۔ادھر پولیس نے بتایا کہ منگل کی رات قریب بارہ بجے سدھرا پل چیکنگ پوائنٹ کے قریب دھماکے جیسی آواز سنی گئی جس کے بعدایس او جی اور دیگر اہلکاروں نے رات بھرایک مشترکہ سرچ آپریشن انجام دیا تاہم کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ یہ جگہ جموں سرینگر شاہراہ سے منسلک ہے اس لیے الرٹ جاری کر دیا گیا اور گاڑیوں کی چیکنگ تیز کر دی گئی۔