شوپیان اور آر ایس پورہ میںحادثے | پولیس اہلکار اور 2 طالب علم لقمہ اجل

نیوز ڈیسک
سرینگر// کنی پورہ شوپیان میں اتوار کی شام سڑک حادثے میں ایک پولیس اہلکار لقمہ اجل بن گیا، جبکہ دو دیگر زخی ہوئے۔ یہ حادثہ کنی پورہ پل پر ایک ٹرک اور آلٹو کار کے درمیان ٹکرہونے سے پیش آیا۔ اس حادثے میں پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ گاگرن شوپیان میں تعینات 3اہلکار زخمی ہوئے۔ تینوں کو ضلع اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شاداب کریوا شوپیان کے کانسٹیبل مزمل احمد ڈار زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔زخمی پولیس اہلکاروں کی شناخت امن پریت سنگھ ساکن ریاسی اور راہول کمار ساکن جموں کے طور پر ہوئی۔ادھر جموں کے آر ایس پورہ علاقے میں دو موٹر سائیکلوں کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے جن میں سے بعد میں دو طالب علم چل بسے۔پولیس نے بتایا کہ دبلیار آر ایس پورہ میں دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کی وجہ سے ان پر سوار چار افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے دو طالب علموں کومردہ قرار دیا۔متوفین کی شناخت جتن منہاس ولد جنگ بہادر منہاس اور مہاردھ ساکن چیک اغوان کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی پہچان چرن پریت سنگھ اور دبیر سنگھ کے بطور کی گئی ہے۔