شوپیان انکوانٹر میں ملی ٹینٹ فرار پونچھ میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، مینڈھر میں شیل ناکارہ

شاہد ٹاک+عشرت بٹ

شوپیان+پونچھ //واٹھو شرمال میں بدھ کی شام ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ کے دوران ملی ٹینٹ فرار ہوئے تاہمپولیس نے جائے وقوع سے کچھ گولہ بارود ضبط کیا۔پولیس نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے 44آر آر اورسی آر پی ایف 14بٹالین کیساتھ مل کربدھ کی شام قریب 5بجے شرمال کے نزدیک واٹھو گائوں کا محاصرہ کیا۔ 6بجے گائوں میں موجود ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔لیکن اس کے بعد مکمل خاموشی چھا گئی۔ سیکورٹی فورسز نے گائوں کے اس حصے میں روشنی کا انتظام کرلیا جہاں ممکنہ طور پر ملی ٹینٹ موجود تھے۔ علاقے میں رات بھر تلاشی آپریشن جاری رہنے کے دوران کہیں پر بھی ملی ٹینٹوںاور سیکورٹی فورسز کا دوبارہ آمنا سامنا نہیں ہوا ۔ جمعرات اعلیٰ الصبح ایک مرتبہ پھر تلاشی آپریشن شروع کیاگیا جس دوران جھڑپ کے مقام سے دو پھرن ، پستول کے تین روانڈ اور دو گولیوں کے راونڈ بر آمد کر لیے گئے تاہم ملی ٹنٹ ابتدائی فائرنگ کے ساتھ ہی علاقے سے فرار ہو گئے تھے ۔جس کے بعد علاقے کا صبح 8بجے محاصرہ ختم کیا گیا ۔ادھر پونچھ ضلع کے کرنی علاقے میں لائن آف کنٹرول پر بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ چرواہا محمد سید ولد نذیر ساکن پون محلہ کرنی پونچھ اپنے بھیڑ وں کیساتھ لائن آف کنٹرول علاقے میں تھا جس کے دوران زیر زمین بچھائی گئی ایک بارودی سرنگ زوردار دھماکہ کیساتھ پھٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک بھیڑ زخمی ہوگیا۔ادھر مینڈھر پونچھ میں بارودی شیل کو برآمد کرکے بعد میں اْس کو ناکارہ بنایا گیا۔جمعرات کے روز اسکول کے نزدیک بچے کھیل رہے تھے کہ اسی اثنا میں اْن کی نظر ایک پرانے شیل پر پڑی۔ مقامی لوگوں نے اس بارے میں پولیس کو مطلع کیا چنانچہ پولیس ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور شیل کو تحویل میں لیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔