شاہراہ پر قبائیلوں اور مویشیوں کی نقل و حمل میں مداخلت حکومت ہر باشندے اور طبقے کو ضرر پہنچانے پر بضد :محبوبہ مفتی

یواین آئی

سرینگر//پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا الزام ہے کہ سری نگر جموں شاہراہ پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کو روکنے کے بعد اب جموں وکشمیر حکومت شاہراہ پر قبائیلوں اور ان کے مویشیوں کی نقل و حمل میں مداخلت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ انتظامیہ جموں وکشمیر کے ہر شہری اور کمیونٹی کو ضرر پہنچانے پر بضد ہے۔

 

موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا،’’قومی شاہراہ پر پھلوں سے بھرے ٹرکوں کو کئی روز تک جان بوجھ روکنے جس سے اس صنعت سے وابستہ لوگوں کو بے تحاشا نقصان پہنچا، کے بعد لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اب قبائیلوں اور ان کے مویشیوں کی نقل و حمل میں مداخلت کر رہی ہے‘‘۔ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا،’ ’ انتظامیہ جموں وکشمیر کے ہر شہری اور کمیونٹی کو ضرر پہنچانے پر بضد ہے‘‘۔قابل ذکر ہے کہ ضلع انتظامیہ رام بن کے مطابق نقل مکانی کرنے والے قبائلی خاندانوں کو سری نگر- جموں شاہراہ پر پیدل سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ضلع مجسٹریٹ رام بن 24 ستمبر کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا،’’نقل مکانی کرنے والے خاندان توجہ کریں ،،، قومی شاہراہ پر پیدل سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔اپنے مال مویشیوں کو نوگام بانہال ٹاپ ٹنل سے آر ٹی سی گاڑیوں میں لے جائیں اور بانہال کے ایس ڈی ایم کے ساتھ رابطہ کریں‘‘۔