شاہراہ پربلاحلل آمدورفت کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری ایس ایس پی رام بن کی بیوپار منڈل اور عام لوگوں سے تعاون کی اپیل

محمد تسکین

بانہال // ایس ایس پی رام بن موہتا شرما جنہیں بدھ کے روز ہی نیشنل ہائے وے کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے، نے بانہال کا دورہ کیا اور شاہراہ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام بھی تھے۔ بانہال میں زرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی رام بن موہتا شرما نے کہا وہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی بلا خلل امدورفت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگیں اور ٹریفک جامنگ سے نمٹنے کیلئے بانہال میں بیوپار منڈل اور ٹرانسپورٹرز کے ذمہ داروں سے ملاقات کی گئی ہے اور ایسے ہی رامبن کے بیوپار منڈل سے بات چیت کی جائیگی اور لوگوں اور تاجروں کی مدد لی جائے گی۔

 

موہتا شرما نے کہا کہ ٹریفک کی بلا خلل روانی اور ٹریفک جام سے نمٹنے کیلئے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ بانہال نو پارکنگ زون قرار دیا گیا ہے اور ہم بانہال قصبہ میں پارکنگ کیلئے کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بانہال اور رام بن کے تاجروں اور بیوپار منڈل کے علاوہ عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کا تعاون کریں تاکہ شاہراہ اور قصبوں کو ٹریفک جامنگ سے پاک رکھا جائے۔ واضح رہے کہ ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن شبیر ملک کو 28 ستمبر کو تبدیل کرکے پولیس ہیڈکوارٹر سے منسلک کیا گیا ہے اور جموں سرینگر قومی شاہراہ کا اضافی چارج ایس ایس پی رام بن موہتا شرما کو سونپا گیا ہے۔