سینکڑوں فٹ حصہ ڈھہ جانے سے کنگا ۔ بٹھنی سڑک بند | چھ روز گزر جانے کے باوجود بحالی کا کام شروع نہیں ہوا

محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن میں کنگا گاندھری اور بٹھنی کی پنچایتوں کو جوڑنے والی رابط سڑک پچھلے چھ روز سے بند ہے جس کی وجہ سے تین پنچایتوں کی آبادی باقی دنیا سے منقطع ہے اور ابھی تک بحالی کے کام کو شروع بھی نہیں کیا گیا۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گاندھری اور باطلی کے درمیان اس سڑک کے دو سو میٹر کا حصہ مکمل طور سے نکل جانے کی وجہ سے رسل و رسائل کا نظام بری طرح سے متاثر ہوگیا ہے اور لوگوں کو روزمرہ کے سفر سے رام بن پہنچنے کیلئے روزانہ دس سے پندرہ کلومیٹروں کا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔مقامی سماجی کارکن اور مقامی نجی سکول کے پرنسپل مشتاق احمد کٹوچ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کنگا ۔گاندھری اور بھٹنی کی17 کلومیٹر رابط سڑک بلاک ہیڈکوارٹر گاندھری کو ضلع ہیڈ کوارٹر رام بن سے جوڑنے والی واحد سڑک ہے جس کے مسلسل بند رہنے سے عوام مشکلات سے دو چار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکانوں پر ضروریات زندگی کی اشیا ،راشن وغیرہ اور ادویات ختم ہو رہی ییں اور مریضوں کو ضلع ہسپتال رام بن منتقل کرنے کیلئے چارپائی پر اٹھا کر لینا پڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات، ملازمین اور دیگر عوام کو اپنی اپنی منزلوں تک پہنچنے کیلئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور شدید گرمیوں کے ان ایام میں پیدل سفر طے کرنے کیلئے بھی کوئی مناسب اور متبادل راستہ بھی موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک سڑک کی بحالی کا کام شروع بھی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ گاندھری کی عوام نے ضلع انتظامیہ رام بن سے پر زور گذارش کی ہے کہ وہ مذکورہ سڑک کو جلد از جلد بحال کرنے کے اقدامات اٹھائیں تاکہ باطلی ، گاندھری ، کبھی اور بٹھنی کی ہزاروں کی آبادی کو مزید دشواریوں سے دو چار ہونے سے راحت مل سکے۔