سینئر فوجی افسران کا راجوری،پونچھ میں ایل او سی کی صورتحال کا جائزہ

نیوز ڈیسک
جموں// حکام نے اتوار کو بتایا کہ فوج کے 16 کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سندیپ جین نے جموں و کشمیر کے راجوری اور پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ مختلف سیکٹروں کا دورہ کیا اور مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ حکام نے بتایا کہ جموں میں قائم 16 کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل جین، جنہیں وائٹ نائٹ کور کے نام سے جانا جاتا ہے، نے نوشہرہ، بھمبر گلی، پونچھ اور کرشنا گھاٹی سیکٹروں کا دورہ کیا اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت کی۔حکام نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل جین نے یہاںموجود فوجیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی۔سرحد پار سے دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے اور جموں خطے میں حالیہ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کو بے اثر کرنے کے لیے جڑواں اضلاع میں فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں۔یکم جنوری کو ڈانگری گاؤں پر ملی ٹینٹوں کے حملے میں سات افراد ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہوئے۔ 7 جنوری کو پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کرنے پر دو دہشت گرد مارے گئے۔