سیاسی خاندانوں کو صرف اپنے مفادات عزیز عوام کی سیاسی اور معاشی خود اختیاری بنیادی ہدف: الطاف بخاری

 

شوپیاں// اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ خاندانی سیاست نے کشمیری عوام کو بھاری نقصان پہنچایا ہے کیونکہ سیاسی خاندانوں نے اپنے لئے اقتدار حاصل کرنے اور پھر اس کو زیادہ سے زیادہ طول دینے کیلئے عوام کو جذباتی نعروں اور نا قابلِ حصول اہداف کے پیچھے لگا دیا۔ بخاری وچی شوپیان میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی کا قیام بنیادی طور پر جموں کشمیر میں سیاسی خانوادوں کے استحصال کا خاتمہ کرنے کیلئے عمل میں لایا گیا ہے۔

 

انہوں نے کہا، “ہم یہ حقیقت جانتے ہیں کہ ان سیاسی خاندانوں، جو جموں کشمیر میں سالہاسال تک برسر اقتدار رہے ہیں، ان جماعتوں اور خود ساختہ لیڈروں نے عوام کو اپنے سیاسی مفادات کے لئے ایندھن کی طرح استعمال کیا۔”انہوں نے مزید کہا، “ان روایتی سیاستدانوں نے ماضی میں فریب دیکرآپ سے ووٹ حاصل کئے۔ انہوں نے آپ کو بتایا کہ وہ جموں کشمیر میں سیلف رول لائیں گے،اب آپ کو ان سے یہ سوال پوچھنا چاہیے کہ کہاں ہے وہ سیلف رول؟ اب وہ سیلف رول کے بارے میں کوئی بات کیوں نہیں کرتے؟ اب وہ ہلاکتوں کے واقعات کی ٹویٹ کے ذریعے مذمت کرتے ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ ان ہلاکتوں اور قتل عام کے واقعات کا جواب کون دے گا، جو ان کے دور اقتدار میں ہوئے ہیں؟۔انہوں نے مزید کہا، “حقیقت میں سیلف رول سے ان کی مراد اپنی ذات اور اپنے خاندانوں کے لیے سیلف رول حاصل کرنا تھا۔

 

ان کا واحد ایجنڈا آج بھی اقتدار کا حصول ہے، یہ لوگ اپنی آنے والی نسلوں کے لئے بھی اقتدار کا بندوبست کرنا چاہتے ہیں، اپنے مفادات کے لئے عوام کا بھرپور استحصال کرنے میں انہیں کوئی جھجھک نہیں ہوتی ہے۔”انہوںنے مزید کہا، “روایتی سیاسی جماعتوں اور ان کے لیڈوروں کے برعکس ہم کسی غیر فطری بیانیہ سے عوام کو بہلانے میں یقین نہیں رکھتے ، ہم عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے اور نہ ہی لوگوں کی زندگیوں کو داو پر لگا سکتے ہیں،ہمارے اہداف وہ ہیں، جن کو حاصل کرنے میں ہمارا پختہ یقین ہے، جموں کشمیر میں دائمی امن، مستقل خوشحالی اور ترقی ہمارے اہداف ہیں۔ “الطاف بخاری نے یقین دلایا کہ اپنی پارٹی عوام کی سیاسی اور معاشی خود اختیاری کیلئے مسلسل کام کرتی رہے گی۔