سکولی بسوں میں حد سے زیادہ بچے سوار حکومت کی اگلے ہفتے سے کارروائی مہم ہوگی

بلال فرقانی

سرینگر// محکمہ ٹرانسپورٹ نے وادی بھر کے اسکول انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے رہنما خطوط کی تعمیل کرتے ہوئے اسکولی بسوں میں بچوں کو سوار کرنے کے دوران انکی حفاظت اور آرام کا خاص خیال رکھیں۔ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر سید شہنواز بخاری نے کہا کہ یہ اقدام وادی میں اسکول بس آپریٹرس کی جانب سے مختلف بنیادوں پر خلاف ورزیوں کے بارے میں موصول ہونے والی متعدد شکایات پر اٹھایا گیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو آسان بنانے کے بعد بچوں کو لے جانے والی اسکول بسوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ایک اہم مہم اگلے ہفتے شروع ہو گی۔آر ٹی آو کشمیر کا کہنا ہے کہ ہمیں خلاف ورزیوں کے بارے میں متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں اور اس کی جانچ کرنے کیلئے اگلے ہفتے سے ایک مہم شروع کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے تعلیمی اداروں کیلئے اسکولی بسوں میں بچوں کی حفاظت کے حوالے سے کچھ معیار مقرر کیے ہیں۔ اگرچہ تعلیمی ادارے پہلے سے ہی سپریم کورٹ کے رہنما خطوط سے واقف ہیں، لیکن ہماری مہم کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر کوئی رہنما اصولوں پر عمل کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مسئلہ بچوں کی حفاظت سے متعلق ہے اور جو لوگ رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے انہیں کسی رعایت کی توقع نہیں کرنی چاہیے۔ڈرائیور کے لیے سپریم کورٹ کے رہنما خطوط پر روشنی ڈالتے ہوئے،انہوں نے کہا کہ ڈرائیور کے پاس ہیوی موٹر وہیکل چلانے کا کم از کم 5 سال کا تجربہ ہونا چاہیے اور اس کے پاس بچوں کی مکمل فہرست ہونی چاہیے۔