سکمز تدریسی عملہ کیلئے تعطیلات یکم جنوری سے 28فروری تک

پرویز احمد

سرینگر//صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ میں تدریسی عملہ کیلئے مرحلہ وار طریقے سے یکم جنوری سے چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جاری کئے گئے سرکیولرمیں لکھا گیا ہے کہ یکم جنوری 2023سے 28جنوری 2023تک 50فیصد تدریسی عملہ چھٹی پر جائے گا جبکہ باقی 50فیصد تدریسی عملہ یکم فروری 2023سے 28فروری 2023تک چھٹیوں پر چلا جائے گا۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ 50فیصد تدریسی عملہ ہر ماہ مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے دستیاب ہوگا۔ تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر شعبہ میں ایک سینئر فیکلٹی ممبر ہر صورت میں دستیاب رہے گا۔ تمام شعبہ جات 20دسمبر تک چھٹیوں کا روسٹر تیار کریں گے اور بعد میں روسٹر میں کسی قسم کی کوئی بھی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ اسپتال انتظامیہ کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ چھٹیوں کے دوران ایمرجنسی یا ضرورت پڑنے پر کسی بھی فیکلٹی ممبر کو واپس بلا سکتی ہے۔ کسی بھی فیکلٹی ممبرکو چھٹی پر جانے کی اجازت نہیںہوگی اگر وہ اپنا رہائشی پتہ اور فون نمبر فراہم نہیں کرے گا۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ چھٹی کے مختلف مراحل کے دوران ڈیوٹی پر تعینات رہنے والے ڈاکٹروں کو کانفرس، سمینار ، ورکشاپ یا اور کسی کام کیلئے چھٹی نہیں دی جائے گا۔