سکمزکی اپیکل سلیکشن کمیٹی کی تشکیل نوکومنظوری

A view of Sher-I-Kashmir Institute of Medical Sciences (SKIMS) at Soura in Srinagar on Saturday. Excelsior/ Mohd Amin War With Farhat Story

بلال فرقانی

سرینگر//انتظامیہ نے صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی اپیکل سلیکشن کمیٹی کی تشکیل نو کو منظوری دی۔ عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے بدھ کو جاری آرڈر میں کہا گیا کہ اس معاملے میں جاری کیے گئے تمام سابقہ احکامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے، شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ، سری نگر کی اپیکل سلیکشن کمیٹی کی دوبارہ تشکیل کی منظوری دی گئی ہے۔ کمیٹی میں چیف سیکریٹری چیئرمین جبکہ صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ کے ڈائریکٹر ممبر سیکریٹری ہوںگے۔سرکاری آرڈر کے مطابق11رکنی اس اعلیٰ سطحی کمیٹی میں محکمہ صحت و طبی تعلیم کے انتظامی سیکریٹری، آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنس نئی دہلی کے ڈائریکٹر،اور ان کی عدم دستیابی میں ڈین ایمز بہ حیثیت ان کے نمائندہ، پی جی آئی ایم ای آر چندی گرھ کے ڈائریکٹر اور انکی عدم دستیابی پر ڈین بطور نمائندہ اس کمیٹی میں شامل ہونگے۔آرڈر کے مطابق اس کمیٹی میں بی ایچ یو ورانسی اتر پردیش میں شعبہ انڈکرائنالوجی و میٹابولیزم کے ڈایکٹر ایس کے سنگھ، سکمز میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل و سکمز میں نیروسرجری شعبے کے سابق سربراہ ڈاکٹر محمد افضل وانی، محکمہ خزانہ کے ڈائریکٹر جنرل کوڈس، گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے پرنسپل،سکمز میڈیکل کالج بمنہ کے پرنسپل اور صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ کے ڈین میڈیکل شعبہ،بھی ممبر ہونگے۔اپیکل سلیکشن کمیٹی کو ماہرین متعلقہ شعبہ جات کا بھی تعاون حاصل ہوگا۔ ڈائریکٹر جموں و کشمیر کے باہر کے ماہرین میں سے 2 پروفیسر,ایڈیشنل پروفیسر اور ایک ایسوسی ایٹ پروفیسرواسسٹنٹ پروفیسر کی سطح پر فیکلٹی عہدوں کے انتخاب وترقی کے لیے نامزد کریں گے۔ عمومی انتظامی محکمہ کے انڈر سیکریٹری شکیب ارسلان کی جانب سے جاری آرڈر کے مطابق جموں کشمیر کے ماہرین میں سے اسسٹنٹ پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور ایڈیشنل پروفیسر کا انتخاب و ترقی متعلقہ شعبہ کے پروفیسر اور سربراہ کرینگے۔ایپیکل سلیکشن کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد ڈائریکٹر، سکمزکی پیشگی منظوری کے  ساتھ ہوگی۔