سپورٹس سٹیڈیم لال بازار کیلئے ہائیڈولک رولروقف روزمرہ زندگی میں کھیل کود انتہائی اہمیت کے حامل:ڈاکٹر فاروق

سپورٹس ڈیسک

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدرو رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اتوار کو اسپورٹس اسٹیڈیم لال بازار کیلئے کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا ہائیڈر ولک رولر وقف کیا۔ سات لاکھ روپے کی لاگت والا ہائیڈرولک رولر وقف کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ شہر خاص کے ہمارے نوجوان کھیلوں کے میدان میں مختلف قومی اور بین الاقوامی ایونٹس میں جو پیش رفت کر رہے ہیں اس کے پیش نظر رولر اس سے بہتر وقت پر نہیں آ سکتا تھا۔ یہ مقامی نوجوانوں کا ایک طویل عرصے سے زیر التوا مطالبہ تھا کہ سٹیڈیم کے لیے ایک رولر رکھا جائے۔ مجھے امید ہے کہ مشین کھلاڑیوں کو فائدہ دے گی اور ان کے کھیل کو بہتر بنانے میں ان کی مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری روزمرہ کی زندگی میں کھیلوں کی اہمیت پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔ ڈاکٹر فاروق نے سکولوں میں کھیل سرگرمیوں کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئت کہا کہ کھیل تعلیمی سرگرمیوں کی طرح اہم ہیں۔ یہ ہمارے نوجوانوں کو منشیات اور دیگر بدعات سے روکتا ہے اور انہیں اپنی توانائیوں کو مثبت انداز میں نکھارنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ کھیلوں کی نظم و ضبط کی نوعیت ہمارے بچوں کو منشیات کے استعمال اور نشے سے بچاتی ہے۔ اس موقع پر معززین اور کھلاڑیوں کو تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں۔اس تقریب کااہتمام پارٹی کے ترجمان اعلی و انچارج کانسچونسی جڈی بل تنویر صادق نے کیا تھا۔