سپریم کورٹ کے پانچ ججوں کی حلف برداری

نئی دہلی//یو این آئی//چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے پیر کو سپریم کورٹ کے پانچ ججوں کو عہدے کا حلف دلایا۔جسٹس چندر چوڑ نے سپریم کورٹ کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک تقریب میں تین چیف جسٹس اور ہائی کورٹس کے دو ججوں کو عہدے اور رازداری کا حلف دایا۔ راجستھان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس پنکج میتھل، پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس سنجے کرول، منی پور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پی وی سنجے کمار، پٹنہ ہائی کورٹ کے جسٹس احسن الدین امان اللہ اور الہ آباد ہائی کورٹ کے جسٹس منوج مشرا کو حلف دلایا گیا۔ان پانچ ججوں کے عہدہ سنبھالنے کے ساتھ ہی عدالت عظمیٰ کے ججوں کی تعداد 32 ہو گئی ہے ۔ اس عدالت کے ججوں کی منظور شدہ تعداد 34 ہے ۔سپریم کورٹ کالجیم نے 13 دسمبر 2022 کو جسٹس متل، جسٹس کرول، جسٹس کمار، جسٹس امان اللہ اور جسٹس مشرا کو سپریم کورٹ میں جج کے طور پر ترقی دینے کی سفارش کی تھی۔صدر دروپدی مرمو کی منظوری کے بعد مرکزی حکومت کی قانون و انصاف کی وزارت نے ہفتہ کو پانچ ججوں کی تقرری کے بارے میں نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔دو دیگر ہائی کورٹس کے چیف جسٹسوں کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دینے کے لیے سپریم کورٹ کالجیم کی سفارشات مرکزی حکومت کے سامنے زیر التوا ہیں۔ کالجیم نے 31 جنوری کو الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس راجیش بندل اور گجرات ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اروند کمار کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دینے کی بھی سفارش کی تھی۔